وزیراعلیٰ پنجاب کا سیلاب متاثرین کیلئے بڑے مالی پیکج کا اعلان کردیا

وزیراعلیٰ پنجاب کا سیلاب متاثرین کیلئے بڑے مالی پیکج کا اعلان کردیا

ویب ڈیسک: وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ اگر ہم پر تنقید کرنے والے اپنے صوبے میں کام کر لیتے تو وہاں کے متاثرین کا بھی بھلا ہوتا۔ پنجاب پہلا صوبہ ہے جس نے سیلاب کے دوران 25 لاکھ افراد کی مدد کی، پنجاب پر تنقید اس لیے ہورہی ہے کہ پنجاب کام کررہا ہے۔

سیلاب سروے مہم کی تقریب سے خطاب میں مریم نواز نے کہا کہ راتیں جاگ کر متاثرین کی خدمت کی۔ جب تصویریں بنتی ہیں تو عوام کو احساس ہوتا ہے کہ حکومت ان کے ساتھ کھڑی ہے، کام کرنے والے ہی کیمروں کا سامنا کرتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پنجاب عملی اقدامات میں مصروف ہے جبکہ دیگر لوگ صرف تنقید کر رہے ہیں۔ دفتر میں بیٹھ کر تصاویر بنوانا آسان ہے، لیکن اصل سکون چپ کرکے بیٹھنے میں نہیں بلکہ کام کرنے میں ہے۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ عوام کو واضح پیغام دینا چاہتی ہوں کہ پنجاب حکومت ان کے ساتھ ہے۔ صوبے کے حکمران محلات میں سونے کے بجائے عوام کے درمیان رہ کر خدمت کر رہے ہیں۔ دو سے3 ماہ میں پنجاب کی حالت ایسی ہو گی جیسے یہاں سیلاب آیا ہی نہیں تھا۔

مریم نواز شریف نے متاثرین کے لئے مالی پیکج کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ جس کا پورا گھر تباہ ہوگیا اس کو 10 لاکھ روپے جس کا آدھا گھر تباہ ہوا اُن کو 5 لاکھ روپے دیے جائیں گے ،جس کا بڑا جانور سیلاب میں بہہ گیا ہے اُس کو بھی 5 لاکھ روپے ملیں گے اور جس کا چھوتا جانور بہہ گیا اُس کو 50 ہزار روپے ملیں گے جبکہ کسانوں کو فی ایکڑ کے حساب سے 20 ہزار روپے دیے جائیں گے۔ 

مریم نواز نے کہا کہ پنجاب پر ہی تنقید اس لیے ہو رہی ہے کیونکہ پنجاب کام کر رہا ہے۔ عوامی خدمت میری ذمہ داری ہے، مشکل وقت میں دکھی انسانیت کی خدمت سب سے بڑی عبادت ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ملکی تاریخ میں اتنا ہولناک سیلاب پہلے کبھی نہیں آیا۔ پنجاب کی تاریخ میں پہلی بار دریائے ستلج، راوی اور چناب میں آنے والے تباہ کن سیلاب نے شدید نقصان پہنچایا۔

انہوں نے بتایا کہ صوبے کے 25 شہر حالیہ سیلاب سے متاثر ہوئے جہاں عوام کی مشکلات کم کرنے کے لیے انتظامیہ نے 24 گھنٹے کام کیا۔

وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں مثالی ہیں۔ صوبائی وزرا، انتظامیہ، پی ڈی ایم اے، ریسکیو 1122 اور پولیس سب نے مل کر متاثرین کی مدد کے لیے دن رات کام کیا۔

Watch Live Public News