اسلام آباد: سابق وزیر اعظم و چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان نے فواد چوہدری اور شاہ محمود قریشی کو ہدایت کی ہے کہ اگر حکومت فوری اسمبلی توڑ کر الیکشن کرانا چاہتی ہے تو ہی بات چیت ہوگی، اگر وہ دوبارہ وہی ستمبر اکتوبر کی بات کرتے ہیں تو کوئی ضرورت نہیں ہے بات کرنے کی ۔ اسلام آباد ہائی کورٹ میں پیشی کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما عمران خان نے کہا کہ 14 مئی کو بھی الیکشن نہیں ہوتے تو آئین ٹوٹ جائے گا، اگر آئین ٹوٹ گیا تو پھر جس کا بھی زور ہوگا اسی کی بات ہی چلےگی۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم نے ہمیشہ سپریم کورٹ کے فیصلے مانے ہیں، ہم آئین کے ساتھ کھڑے ہیں، پی ڈی ایم اور ہمارا کوئی موازنہ نہیں ہے ، میں پہلے دن سے ہی کہہ رہا تھا کہ الیکشن کی تاریخ پر مذاکرات کر سکتا ہوں ۔ سابق وزیر اعظم نے شاہ محمود قریشی اور فواد چوہدری کی موجودگی میں ہی کہا کہ ان دونوں کو کہہ رہا ہوں کہ اگر حکومت فوری اسمبلی توڑ کر الیکشن کروانا چاہتی ہے تو ہی بات کریں، اگر وہ دوبارہ سے وہی ستمبر اکتوبر کی بات کرتے ہیں تو بات کرنےکی بھی کوئی ضرورت نہیں ہے ، اب بال حکومت کےکورٹ میں ہے، ایک دن الیکشن کرانے ہیں تو کرائیں، پارلیمنٹ نہیں آئین سپریم ہوتا ہے ۔