ویب ڈیسک: وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوار الحق نے خبردار کیا ہے کہ اگر بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں بے گناہ شہریوں پر مظالم بند نہ کیے تو پاکستانی قوم اندر گھس کر جواب دے گی۔
نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ بھارت ہمیشہ کی طرح اب بھی آبی دہشت گردی کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر بھارت نے پاکستان کے خلاف کوئی جارحانہ اقدام کیا تو اسے سود سمیت منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔
چوہدری انوار الحق نے مزید کہا کہ مسئلہ کشمیر کا واحد حل اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل درآمد ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی قوم کا اتحاد و اتفاق کشمیریوں کی تحریک آزادی کی سب سے بڑی دلیل ہے۔
وزیراعظم آزاد کشمیر نے واضح کیا کہ اگر بھارت لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کی خلاف ورزی کرتا ہے تو کوئی بھی معاہدہ پاکستان کے راستے میں رکاوٹ نہیں بنے گا۔ انہوں نے ایک بار پھر دوٹوک الفاظ میں کہا کہ اگر مقبوضہ کشمیر میں مظالم بند نہ کیے گئے تو اندر گھس کر دشمن کو جواب دیا جائے گا۔