دھرو راٹھی کا مودی سرکار کو آئینہ: پہلگام واقعے پر حقیقتوں سے پردہ اٹھایا

دھرو راٹھی کا مودی سرکار کو آئینہ: پہلگام واقعے پر حقیقتوں سے پردہ اٹھایا
کیپشن: دھرو راٹھی کا مودی سرکار کو آئینہ: پہلگام واقعے پر حقیقتوں سے پردہ اٹھایا

ویب ڈیسک: بھارتی معروف اینکر اور یوٹیوبر دھرو راٹھی نے پہلگام واقعے پر مودی سرکار کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے اور بھارتی میڈیا کی دوغلی پالیسیوں کا پردہ چاک کیا ہے۔

دھرو راٹھی نے اپنے حالیہ وی لاگ میں واضح کیا کہ پہلگام واقعہ بہت افسوسناک ہے لیکن اس واقعے میں جو غفلت برتی گئی ہے، اس پر کوئی بات نہیں کر رہا۔ انہوں نے یہ سوال اٹھایا کہ دہشت گرد کس طرح پاکستان سے پہلگام تک پہنچے، جہاں ایک طرف کشمیر میں بڑی تعداد میں فوج تعینات ہے اور لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر سخت سیکیورٹی حصار قائم ہے۔

دھرو راٹھی نے کہا کہ پہلگام جیسے سیاحتی مقام پر جہاں بڑی تعداد میں سیاح موجود ہوتے ہیں، وہاں سیکیورٹی فورسز کیوں نہیں تعینات تھیں؟ اور زخمیوں کی منتقلی میں اتنی تاخیر کیوں ہوئی؟ ان تمام سوالات کو نظرانداز کیا جا رہا ہے۔

دھرو راٹھی نے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے 2008 کے ممبئی حملوں کے بعد کے بیانات کا حوالہ بھی دیا، جن میں مودی نے دہشت گردوں کے پاکستان سے بھارت پہنچنے کو حکومتی ناکامی قرار دیا تھا۔ انہوں نے بھارتی میڈیا کو بھی شدید تنقید کا نشانہ بنایا، اور اسے " گودی میڈیا" قرار دیا، جو نفرت پھیلانے میں ملوث ہے۔

دھرو راٹھی نے بھارتی میڈیا کے ایک مشہور اینکر ارنب گوسوامی کو گمراہ کرنے والا قرار دیتے ہوئے بتایا کہ کس طرح ارنب گوسوامی بھارتی عوام کو غلط معلومات فراہم کر رہا ہے۔ اس سے قبل دھرو راٹھی پلوامہ حملے میں بھی بھارتی حکومت کی ناکامی کو فیکٹ اینڈ فگرز کے ساتھ ثابت کر چکے ہیں۔

Watch Live Public News