عمرایوب کا شہباز شریف پرکمزوراوربزدل وزیراعظم ہونے کاالزام

عمرایوب کا شہباز شریف پرکمزوراوربزدل وزیراعظم ہونے کاالزام
کیپشن: عمرایوب کا شہباز شریف پرکمزوراوربزدل وزیراعظم ہونے کاالزام

ویب ڈیسک:اپوزیشن لیڈر عمر ایوب خان نے حکومت پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہباز شریف پہلگام واقعے کی تحقیقات کی بات کر کے دراصل ہتھیار ڈالنے جیسا رویہ اپنا رہے ہیں، وہ ایک کمزور اور بزدل وزیراعظم ہیں۔

تفصیلات کے مطابق راولپنڈی میں انسداد دہشتگردی عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمر ایوب نے کہا کہ بھارت کو واضح پیغام دینا چاہیے کہ اگر حملہ کیا گیا تو پاکستان زمینی اور فضائی سطح پر بھرپور جواب دے گا، لیکن موجودہ حکومت خوفزدہ نظر آ رہی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ مودی سرکار حملے کی دھمکیاں دیتی ہے اور یہاں ہماری حکومت مقابلے کی بجائے پسپائی اختیار کر رہی ہے، جبکہ پاکستان ایک ذمہ دار ایٹمی طاقت ہے اور اسے اپنی خودداری کا دفاع کرنا چاہیے۔

عمر ایوب نے الزام عائد کیا کہ شہباز شریف نے امریکی دباؤ پر یوکرائن کو اسلحہ فروخت کیا اور آصف زرداری نے سندھ کے پانی کا سودا کر دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان کی صورتحال تشویشناک ہو چکی ہے، ملک میں افراتفری پھیلی ہوئی ہے اور ساڑھے پانچ سو ارب روپے کا ایرانی پیٹرول اسمگل ہو رہا ہے، جبکہ زرمبادلہ کے ذخائر بھی نہایت کم ہو چکے ہیں۔

اپنی قانونی مشکلات پر بات کرتے ہوئے عمر ایوب نے بتایا کہ انہوں نے ایک ہی دن میں 25 مقدمات میں ضمانت حاصل کی، اور ان کے خلاف بے بنیاد مقدمات بنائے جا رہے ہیں، جس کا قومی یکجہتی سے کوئی تعلق نہیں۔

انہوں نے شکایت کی کہ انہیں بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کی اجازت نہیں دی جا رہی اور اس حوالے سے عدالتوں میں درخواستیں زیر سماعت ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ان پر 11 مقدمات میں فرد جرم عائد کرنے کے لیے کاغذات فراہم کیے گئے ہیں۔

عمر ایوب نے بتایا کہ آج توشہ خانہ ٹو کیس کی سماعت بغیر کارروائی کے ملتوی کر دی گئی، جبکہ وزیر آباد حملے کے معاملے پر بھی ازخود فیصلہ سامنے آیا، لیکن عمران خان کی درخواست پر ایف آئی آر درج نہیں ہو سکی۔

آخر میں اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ افواج پاکستان کو عوام کے ساتھ کھڑے ہونا چاہیے، جبکہ جعفر ایکسپریس سانحہ ایک بڑی انٹیلیجنس ناکامی کا نتیجہ تھا۔

Watch Live Public News