ویب ڈیسک:ملک کے مختلف علاقوں سے اکھٹے کیے گئے ماحولیاتی نمونوں میں پولیو وائرس کی موجودگی کی تصدیق ہو گئی ہے۔ نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر (این ای او سی) کے حکام کے مطابق، 17 مارچ سے 19 مارچ کے دوران 44 اضلاع سے 56 ماحولیاتی نمونے اکھٹے کیے گئے تھے، جن میں سے 22 اضلاع کے نمونوں میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔
این ای او سی حکام کی رپورٹ کے مطابق چمن، ڈیرہ بگٹی، کوئٹہ، لکی مروت اور پشاور سمیت کئی اضلاع میں پولیو وائرس کی موجودگی سامنے آئی ہے۔ اسی طرح لاہور، راولپنڈی، حیدرآباد، جیکب آباد اور قمبر کے نمونے بھی وائرس سے مثبت پائے گئے ہیں۔ کراچی کے تین اضلاع کیماڑی، ایسٹ اور سینٹرل کے نمونوں میں بھی پولیو وائرس کی موجودگی کی تصدیق ہوئی ہے۔
این ای او سی حکام کا کہناہےکہ مزید برآں، لاڑکانہ، میر پور خاص، سجاول اور سکھر کے ماحولیاتی نمونے بھی پولیو وائرس سے متاثر پائے گئے ہیں۔کراچی کیماڑی، کراچی ایسٹ، کراچی سینٹرل کے ماحولیاتی نمونوں میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔
حکام نے بتایا کہ ملک میں پولیو کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے ایک ملک گیر انسدادِ پولیو مہم کا آغاز 26 مئی سے کیا جا رہا ہے، جو یکم جون تک جاری رہے گی۔ اس دوران ملک بھر میں 5 سال سے کم عمر بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے۔
این ای او سی حکام نے والدین سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے بچوں کو پولیو کے قطرے ضرور پلائیں تاکہ ملک سے اس موذی مرض کا مکمل خاتمہ ممکن بنایا جا سکے۔