ویب ڈیسک: لاہور کے علاقے کینال روڈ پر تیز رفتاری کے باعث باراتیوں سے بھری ایک ویگن بے قابو ہو کر نہر میں جا گری، جس کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق جبکہ 11 افراد زخمی ہو گئے۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق حادثہ اس وقت پیش آیا جب تیز رفتار ویگن ڈرائیور کے قابو سے باہر ہو گئی اور سڑک سے پھسلتے ہوئے نہر میں جا گری۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔
ریسکیو اہلکاروں نے نہر میں گری ویگن سے زخمیوں کو نکال کر موقع پر ابتدائی طبی امداد فراہم کی، جس کے بعد تمام زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
اسپتال ذرائع کے مطابق تین زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے، جنہیں انتہائی نگہداشت وارڈ (آئی سی یو) میں داخل کر دیا گیا ہے۔ زخمیوں میں ایک بچی، ایک خاتون اور ایک مرد شامل ہیں۔
حادثے میں جاں بحق ہونے والے شخص کی شناخت 55 سالہ حنیف کے نام سے ہوئی ہے، جن کی لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے مردہ خانے منتقل کر دیا گیا ہے۔