(ویب ڈیسک ) خیبرپختونخوا میں 30 دسمبر سے یکم جنوری تک بارش اور پہاڑوں پر برفباری کی پیشگوئی کردی گئی ۔
تفصیلات کے مطابق پی ڈی ایم اے نے تمام ضلعی انتظامیہ اور اداروں کو الرٹ جاری کردیا ہے۔
جاری الرٹ میں کہا گیا ہے کہ چترال، دیر، سوات، شانگلہ، کوہستان، کولائی پالس، مالاکنڈ میں وقفے وقفے سے بارش ہو سکتی ہے۔بونیر، مانسہرہ، بٹگرام، ایبٹ آباد، ہری پور، کرم، خیبر، باجوڑ، مہمند، مردان، نوشہرہ، پشاور، چارسدہ، کوہاٹ، ہنگو، کرک، بنوں، لکی مروت، ٹانک، ڈی آئی خان اور شمالی و جنوبی وزیرستان میں بھی بارش کا امکان ہے۔
پی ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ ناران، کاغان، دیر، سوات، مالاکنڈ، کوہستان، مانسہرہ اور شانگلہ میں سڑکیں بند یا پھسلن کا شکار ہو سکتی ہیں، اور پہاڑی علاقوں میں لینڈسلائیڈنگ اور برفانی تودے گرنے کا خدشہ ہے۔
پی ڈی ایم اے کی جانب سے متعلقہ اداروں کو نکاسی آب کا نظام فعال رکھنے، بل بورڈز کو محفوظ بنانے، دریاؤں، ندی نالوں اور برساتی نالوں کی مسلسل مانیٹرنگ کی ہدایت کی گئی ہے۔