(ویب ڈیسک ) اگر آپ اپنے پرانے جی میل ایڈریس کی وجہ سے شرمندگی محسوس کرتے ہیں تو خوشخبری یہ ہے کہ گوگل جلد ہی صارفین کو اپنا @gmail صارف نام تبدیل کرنے کی سہولت دینے جا رہا ہے۔ جو صارفین اپنا ای میل ایڈریس تبدیل کریں گے، وہ اب بھی پرانے ایڈریس پر بھیجی گئی ای میلز وصول کر سکیں گے، اور گوگل ڈرائیو، گوگل فوٹوز سمیت دیگر گوگل سروسز میں لاگ اِن کے لیے پرانا ایڈریس استعمال کر سکیں گے۔ تاہم اس فیچر کے باضابطہ اجرا کی تاریخ ابھی سامنے نہیں آئی۔
گوگل پہلی بار عام صارفین کے لیے @gmail صارف نام تبدیل کرنے کی سہولت مرحلہ وار متعارف کرانے کی تیاری کر رہا ہے۔9to5Google کے مطابق ایک تازہ ایف اے کیو اپ(FAQ) ڈیٹ میں بتایا گیا ہے کہ صارفین کا پرانا ای میل ایڈریس فعال رہے گا اور اس پر موصول ہونے والی ای میلز بھی ملتی رہیں گی۔
گوگل اکاؤنٹ میں موجود ڈیٹا—جیسے تصاویر، پیغامات اور پرانے ایڈریس سے بھیجی گئی ای میلز—اس تبدیلی سے متاثر نہیں ہوگا۔ صارفین جی میل، میپس، یوٹیوب، گوگل پلے اور گوگل ڈرائیو جیسی سروسز میں پرانے یا نئے دونوں ای میل ایڈریس کے ذریعے سائن اِن کر سکیں گے۔
اس کے علاوہ، پرانے صارف نام سے ای میل بھیجنا بھی ممکن ہوگا، جبکہ پرانا ایڈریس اسی اکاؤنٹ سے منسلک رہے گا اور کوئی دوسرا صارف اسے حاصل نہیں کر سکے گا۔
گوگل ورک اسپیس کے ایڈمن پہلے ہی مینیجڈ صارفین کے ای میل ایڈریس تبدیل کر سکتے تھے، تاہم یہ پہلا موقع ہوگا کہ مفت جی میل اکاؤنٹ رکھنے والے صارفین کو بھی یہ سہولت دی جا رہی ہے۔
البتہ کچھ سخت پابندیاں بھی ہوں گی۔ ایف اے کیو(FAQ) کے مطابق، صارفین ای میل ایڈریس تبدیل کرنے کے بعد 12 ماہ تک نہ تو دوبارہ ایڈریس بدل سکیں گے اور نہ ہی نیا ایڈریس ڈیلیٹ کر سکیں گے۔
گوگل نے یہ بھی واضح نہیں کیا کہ یہ فیچر کب اور کن ممالک میں پہلے متعارف ہوگا۔ تاہم متعلقہ سپورٹ پیج اس وقت صرف ہندی زبان میں دستیاب ہے، جس سے عندیہ ملتا ہے کہ بھارت میں صارفین کو سب سے پہلے یہ سہولت مل سکتی ہے۔
اگر آپ اپنا جی میل ایڈریس تبدیل کرنا چاہتے ہیں تو موبائل یا ڈیسک ٹاپ پر گوگل اکاؤنٹ سیٹنگز میں جا کر پرسنل انفارمیشن (Personal Information)، پھر ای میل کے آپشن میں جا کر دیکھیں اگر یہ فیچر آپ کے خطے میں دستیاب ہوا تو وہاں “Change email address for your Google Account” کا آپشن نظر آ سکتا ہے۔
یہ خبر ایسے وقت سامنے آئی ہے جب گوگل نے حالیہ برسوں میں کئی غیر فعال جی میل ایڈریسز کو سائبر سیکیورٹی خدشات، جیسے ٹو فیکٹر آتھنٹیکیشن (2FA) فراڈ، سے بچاؤ کے لیے ڈیلیٹ کرنا شروع کیا ہے۔ تاہم یہ واضح نہیں کہ آیا ڈیلٹ کیے گئے یہ ای میل ایڈریس دوبارہ دستیاب ہوں گے یا نہیں۔