(ویب ڈیسک ) سندھ پولیس کی جانب سے فیس لیس ای ٹکٹنگ ( ای چالان) کے حوالے سے شہریوں کیلیے زبردست سہولت متعارف کروا دی گئی ہے۔
آئی جی سندھ غلام نبی میمن نے ٹریفک ہیلپ لائن 1915 اور ایس ایس پی ٹریفک ساؤتھ کمپلیکس کا افتتاح کر دیا۔ ٹریفک ہیلپ لائن 1915 کو سینٹرل پولیس آفس کراچی میں جبکہ ایس ایس پی ٹریفک ساؤتھ کا دفتر آرٹلری میدان میں قائم کیا گیا ہے۔
افتتاحی تقریب میں ایڈیشنل آئی جی کراچی، ڈی آئی جیز ٹریفک و ٹریننگ، ایس ایس پیز ٹریفک ساؤتھ، اے وی ایل سی، پی ڈی آئی ٹی اور دیگر سینئر افسران نے شرکت کی۔ اس موقع پر ڈی آئی جی ٹریفک کراچی پیر محمد شاہ نے ٹریفک ہیلپ لائن 1915 اور ایس ایس پی ٹریفک ساؤتھ آفس کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔
انہوں نے بتایا کہ ٹریفک ہیلپ لائن 1915 کو مکمل طور پر ڈیجیٹلائز کر دیا گیا ہے، جس کے ذریعے شہری اب گھر بیٹھے ای چالان سے متعلق باآسانی معلومات حاصل کر سکتے ہیں۔
اس موقع پر آئی جی سندھ غلام نبی میمن نے کہا کہ جدید سہولیات سے آراستہ دفاتر ٹریفک پولیس کی کارکردگی بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ ای چالان کے آغاز کے بعد سہولت سینٹرز نے مؤثر انداز میں عوامی خدمت کو فروغ دیا ہے، جبکہ ٹریفک ہیلپ لائن 1915 شہریوں کو فوری رہنمائی اور شکایات کے ازالے کے لیے ایک جدید اور مؤثر سہولت ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ٹریفک ہیلپ لائن 1915 شہریوں اور ٹریفک پولیس کے درمیان رابطے کو مزید مضبوط اور مؤثر بنائے گی۔
آئی جی سندھ نے ہدایت دی کہ ہیلپ لائن کو 24 گھنٹے فعال رکھا جائے، کیونکہ جدید خطوط پر استوار ہیلپ لائنز عوامی خدمت کے نظام کو مضبوط بناتی ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ ٹریفک نظم و ضبط، رہنمائی اور شہری سہولت فراہم کرنا سندھ پولیس کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔