وزیر اعظم کی رواں سال موسم گرما میں کم سے کم لوڈ شیڈنگ کرنے کی ہدایت

وزیر اعظم کی رواں سال موسم گرما میں کم سے کم لوڈ شیڈنگ کرنے کی ہدایت
اسلام آباد: وزیرِ اعظم شہباز شریف نے رواں سال موسمِ گرما میں کم سے کم لوڈشیڈنگ کرنے کی ہدایت کی ہے۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ رمضان المبارک کے دوران سحور و افطار میں کوئی لوڈشیڈنگ نہ کی جائے، سرکاری عمارتوں کی سولرآئیزیشن کی رفتار کو تیز کیا جائے۔ وزیرِ اعظم نے تھر-مٹیاری 500KV ٹرانسمیشن لائن کے بچھانے میں تعطل پر اظہارِ برہمی کیا، وزیر اعظم نے استفسار کیا کہ تھر-مٹیاری ٹرانسمیشن لائن کو معینہ مدت میں کیونکر مکمل نہ کیا گیا، اس منصوبے میں غفلت کے مرتکب افسران کے خلاف محکمانہ کاروائی یقینی بنائی جائے، این ٹی ڈی سی بورڈ کی ازسر نو تشکیل کی جائے۔ وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کی زیرِ صدارت رواں سال موسمِ گرما میں بجلی کی فراہمی اور پاور سیکٹر کے مختلف منصوبوں پر جائزہ اجلاس ہوا۔اجلاس کو رواں سال موسمِ گرما میں بجلی کی متوقع طلب و فراہمی اور لوڈمینجمنٹ کے حوالے سے بریفنگ دی گئی. اجلاس کو حکومت کے 10 ہزار میگاواٹ سولرائیزیشن منصوبے پر پیش رفت سے بھی آگاہ کیا گیا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ حکومت سرکاری عمارتوں کی سولرآئیزیشن کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات اٹھا رہی ہے اور منصوبے کی تکمیل معینہ مدت میں یقینی بنائی جائے گی. مقامی سطح پر سولر پینلز کی تیاری کے متعلق مجوزہ پالیسی آئندہ ہفتے کابینہ اجلاس میں منظوری کیلئے پیش کر دی جائے گی. اسی طرح الیکٹرک بائیکس کی مقامی سطح پر تیاری کے حوالے سے پالیسی بھی حتمی مراحل میں ہے جس کیلئے تمام اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت مکمل کرلی گئی ہے۔ اجلاس کو گیس کی بچت کے حوالے سے وزیرِ اعظم کے احکامات کی روشنی میں گیزرز میں کونیکل بیفلز کی تنصیب کے عمل کے بارے آگاہ کرتے ہوئے بتایا گیا کہ یہ منصوبہ مقررہ ہدف سے ایک ماہ پہلے ہی مکمل کر لیا گیا ہے. اجلاس کو بجلی کی ذیادہ کھپت والے پنکھوں اور Incadescent Bulbs کے حوالے سے بتایا گیا کہ ملک بھر میں کارخانوں میں ان کی تیاری رواں سال 30 جون کے بعد مکمل طور پر بند کر دی جائے گی. اس حوالے سے متعلقہ صنعتوں کو آگاہ کر دیا گیا ہے۔ اجلاس کو کابینہ کے 3 جنوری 2023 کے بجلی بچت پلان پر عملدرآمد سے بھی آگاہ کیا گیا۔ وزیرِ اعظم نے تمام صوبوں کو ان اقدامات پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے اور اس حوالے سے کسی قسم کی غفلت برتنے والے عناصر کے خلاف سخت کاروائی کی ہدایت کی۔ وزیرِ اعظم نے تاکید کی کہ توانائی کی بچت کو فروغ دینے کیلئے نہ صرف میڈیا کے ذریعے ایک منظم آگاہی مہم چلائی جائے بلکہ اسکولوں و کالجوں کے تعلیمی نصاب میں اس حوالے سے مواد شامل کیا جائے۔ اجلاس کو زرعی ٹیوب ویلز کی سولرآئیزیشن پر پیش رفت سے بھی آگاہ کیا گیا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ اس حوالے سے تمام اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کرنے کے ساتھ ساتھ حال ہی میں قومی سطح پر آگاہی سیمینار بھی منعقد کیا گیا ہے۔ اجلاس میں وفاقی وزراء اسحاق ڈار، خواجہ آصف، خرم دستگیر، مریم اورنگزیب، چوہدری سالک حسین، سید مرتضی محمود، احسان الرحمن مزاری، مشیرِ وزیرِ اعظم احد خان چیمہ، وزراءِ مملکت ڈاکٹر مصدق ملک، محمد ہاشم نوتیزئی، معاونین خصوصی جہانزیب خان، سید فہد حسین اور متعلقہ اعلی حکام نے شرکت کی۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔