ویب ڈیسک:اسرائیل اور امریکا کے ایران پر مشترکہ حملے کے بعد مشرق وسطی کی کشیدہ صورتحال کے باعث پی آئی اے نے اپنا خلیجی ممالک کا فضائی آپریشن معطل کردیا۔
ترجمان کے مطابق پی آئی اے کی متحدہ عرب امارات، بحرین، دوحہ اور کویت کی پروازیں معطل کی گئی ہیں۔ پروازیں ابتدائی طور پر کل شام یا فضائی حدود کی بحالی تک اپریٹ نہیں کی جائیں گی۔ پی آئی اے کی سعودی عرب کی پروازیں جاری رہیں گی مگر ان کا روٹ تبدیل کردیا گیا ہے. پروازین بوئنگ 777 طیاروں پر منتقل کردی گئیں ہیں جو طویل راستے سے منزل مقصود پر پہنچیں گی.

ترجمان پی آئی اے نے مزید کہا کہ مسافروں سے درخواست ہے کہ اپنی پروازوں سے متعلق بروقت معلومات یا بکنگ کی تبدیلی کیلئے پی آئی اے کال سینٹر 111 786 786 سے رابطہ کریں.
دوسری جانب امریکی اور اسرائیلی حملوں کے پیشِ نظر قطر، کویت اور متحدہ عرب امارات نے اپنی فضائی حدود بند کر دی ہیں اور تمام داخلی و بین الاقوامی پروازیں معطل کر دی گئی ہیں۔ عراق اور اسرائیل نے بھی فضائی حدود بند کر کے شہری پروازیں منسوخ کر دی ہیں، جبکہ روس نے ایران اور اسرائیل کے لیے پروازیں روک دی ہیں۔ کویت نے ایران کے لیے فضائی آپریشن غیر معینہ مدت تک معطل کر دیا ہے۔
متعدد بین الاقوامی ایئرلائنز نے بھی پروازیں منسوخ کر دی ہیں۔ وِز ایئر نے اسرائیل، دبئی، ابوظبی اور عمان کے لیے 7 مارچ تک پروازیں معطل کر دی ہیں، جبکہ لوفتھانسا نے دبئی، تل ابیب، بیروت اور مسقط کے لیے ہفتہ اور اتوار کی پروازیں روک دی ہیں۔ کے ایل ایم نے ایمسٹرڈیم سے تل ابیب جانے والی پروازیں منسوخ کر دی ہیں اور عمان ایئر نے بغداد کے لیے تمام پروازیں معطل کر دی ہیں۔