نئی امریکی حکومت کے اقتدار سنبھالتے اعلیٰ سطحی امریکی سرمایہ کاروں  کا وفد پاکستان پہنچ گیا

نئی امریکی حکومت کے اقتدار سنبھالتے اعلیٰ سطحی امریکی سرمایہ کاروں  کا وفد پاکستان پہنچ گیا

(ویب ڈیسک ) نئی امریکی حکومت کے اقتدار سنبھالتے اعلیٰ سطحی امریکی سرمایہ کاروں  کا وفد پاکستان پہنچ گیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ  امریکا کا اعلیٰ سطحی  انویسٹمنٹ وفد 2 روزہ اہم دورے پر پاکستان پہنچ گیا، وفد کی قیادت ٹیکساس ہیج فنڈ کے منیجر اور ٹرمپ خاندان کے قریبی بزنس پارٹنر جینٹری بیچ کر رہے ہیں۔

ذرائع کے مطابق  نئی امریکی حکومت کے اقتدار سنبھالتے ہی انویسٹمنٹ وفد کا پاکستان آنا انتہائی اہمیت کا حامل ہے، امریکی وفد کے دورہ پاکستان سے دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں انویسٹمنٹ، معاشی اور دو طرفہ تعلقات کی نئی راہیں کھلیں گی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ  دورہ کے دوران پاکستان اور امریکا کے درمیان انویسٹمنٹ کے کئی معاہدوں پر بھی دستخط کیے گئے،

وفد میں شامل اراکین بالخصوص جینٹری بیچ کی پاکستان آمد ایک بڑی سفارتی کامیابی ہے، جینٹری بیچ ٹرمپ خاندان کے انتہائی قریبی ساتھی اور  صدر ٹرمپ کے گزشتہ انتخابی مقابلوں میں پیش پیش رہے۔

ذرائع کے مطابق  نئی امریکی حکومت آنے کے بعد کسی بھی امریکی وفد کا یہ پہلا دورہ ہے، نئی امریکی حکومت قائم ہونے کے کچھ ہی دن بعد امریکی  انویسٹمنٹ وفد کی پاکستان آمد دونوں ملکوں کے درمیان معاشی دو طرفہ تعلقات آگے بڑھانے کی طرف ایک اہم قدم ہے۔

جینٹری بیچ نے گزشتہ دنوں  مار اے لاگو میں صدارتی انتخابات کے بعد ایک تقریب کے دوران پاکستان کوزبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے لوگوں نے دہشتگردی کیخلاف جنگ میں بہت قربانیاں دی ہیں، ہزاروں لوگ دہشتگردی کی نذر ہو گئے۔

انہوں نے کہا کہ  پاکستان ایک حیرت انگیز ملک ہے، یہاں کا ماحول امریکی صدر ٹرمپ کیلئے سازگار ہے، پاکستان کے عوام امریکا کے ساتھ مثبت شراکت داری اور اچھے دوست کے طور پریکساں شرائط پر کام کرنے کے خواہاں ہیں۔ 

جینٹری بیچ نے اپنے خطاب میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر زور دیا تھا کہ پاکستان اور امریکا کے تعلقات پہلے سے زیادہ مضبوط اور باہمی تعاون پر مبنی بنائیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ  امریکی  انویسٹمنٹ وفد کا یہ دورہ، پاکستان اور امریکا کے درمیان مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کیلئے  انتہائی سازگار ثابت ہوگا۔

Watch Live Public News