بسنت کے موقع پر شہریوں کیلئےمفت ٹرانسپورٹ کا پلان فائنل

بسنت کے موقع پر شہریوں کیلئےمفت ٹرانسپورٹ کا پلان فائنل
کیپشن: بسنت کے موقع پر شہریوں کیلئےمفت ٹرانسپورٹ کا پلان فائنل

ویب ڈیسک: حکومتِ پنجاب نے لاہور میں بسنت کے موقع پر شہریوں کو مفت ٹرانسپورٹ فراہم کرنے کا پلان حتمی شکل دے دی ہے، جس کی کمشنر لاہور ڈویژن نے منظوری بھی دے دی ہے۔

پلان کے تحت شہری میٹرو بس اور اورنج لائن میٹرو ٹرین کے ذریعے مفت سفر کر سکیں گے۔ کمشنر لاہور کے مطابق پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی، پنجاب ٹرانسپورٹ کمپنی اور نجی رائیڈر کمپنیاں مفت سفری سہولت فراہم کریں گی، جبکہ سرکاری کالجز اور یونیورسٹیوں سے بھی بسنت کے لیے بسیں حاصل کر لی گئی ہیں۔

ٹرانسپورٹ پلان کے مطابق لاہور کے 24 مختلف روٹس پر مفت ٹرانسپورٹ چلائی جائے گی۔ لاہور کے فیڈر روٹس پر 228 بسیں، میٹرو بس سروس کی 64 بسیں، سرکاری کالجز کی 54 اور مختلف یونیورسٹیوں کی 73 بسیں مفت ٹرانسپورٹ فراہم کریں گی۔

اعداد و شمار کے مطابق اورنج لائن میٹرو ٹرین کے ذریعے یومیہ تقریباً اڑھائی لاکھ افراد سفر کر سکیں گے، جبکہ گجومتہ سے شاہدرہ تک میٹرو بس کے ذریعے روزانہ 87 ہزار افراد کو مفت سہولت حاصل ہوگی۔ اس کے علاوہ فیڈر روٹس کے ذریعے یومیہ ایک لاکھ 27 ہزار مسافروں کو مفت ٹرانسپورٹ کی گنجائش موجود ہوگی۔

مختلف روٹس پر بسوں کی تفصیلات کے مطابق رانا ٹاؤن سے ریلوے اسٹیشن 13 بسیں، آر اے بازار سے چونگی 4، بھاٹی چوک سے شاد باغ 5، ڈپو چوک سے چونگی 4 اور کنال سے جناح ٹرمینل تک 12 بسیں چلائی جائیں گی۔

اسی طرح ریلوے اسٹیشن سے گلشن راوی 8، وحدت روڈ سے قرطبہ چوک 11، آر اے بازار سے ناصر باغ 13، پرانا کاہنہ سے آر اے بازار 19، بھاٹی چوک سے آر اے بازار 19 اور جناح بس ٹرمینل سے بی آر بی تک 17 بسیں چلائی جائیں گی۔

مجموعی طور پر بسوں کے ذریعے یومیہ 5 لاکھ 16 ہزار افراد کو مفت ٹرانسپورٹ کی سہولت فراہم کی جائے گی، جبکہ نجی کمپنی کے 5 ہزار رکشوں کی برانڈنگ کر کے انہیں بھی مفت سفری سہولت کے لیے استعمال کیا جائے گا۔

Watch Live Public News