ویب ڈیسک: ایشیاء کپ میں کرکٹ کے ہائی وولٹیچ ٹاکروں میں سے ایک پاک بھارت ٹاکرے پر ایک اور اہم بھارتی کھلاڑی کا بیان آگیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سارو گنگولی نے بڑا بیان دیتے ہوئے پاک بھارت میچ کی حمایت کردی ہے۔
انہوں نے اپنے بیان میں واضح کیا کہ پہلگام جیسا واقعہ کسی صورت قبول نہیں ہے لیکن اس کی آڑ میں کھیل بند نہیں ہونا چاہیے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ دہشتگردی کو ہر صورت روکنا ہوگا۔
میڈیا کو دیے گئے بیان میں انہوں نے کہا کہ بھارت نے ہمیشہ دہشتگردی کے حوالے سے سخت مؤقف اپنایا ہے تاہم کھیل تو ہونا چاہیے۔
انہوں نے کہاکہ ایشیا کپ میں پاکستان اور بھارت کا ایک ہی گروپ میں ہونا میرے لیے ٹھیک ہے۔
خیال رہے کہ ہفتے کو ایشیا کپ کے شیڈول کا اعلان کیا گیا تھا۔ پاکستان، بھارت، یو اے ای اور عمان کو گروپ اے میں شامل کیاگیا ہے جبکہ بنگلا دیش، سری لنکا، افغانستان اور ہانگ کانگ گروپ بی میں شامل ہیں۔
ایونٹ میں پاکستان اور بھارت کم از کم 2 اور زیادہ سے زیادہ 3 بار آمنے سامنے آسکتے ہیں۔
ایشیا کپ 9 ستمبر سے یو اے ای میں شروع ہو گا جب کہ پاک بھارت پہلا گروپ میچ 14 ستمبر کو ہوگا۔
شیڈول کے اعلان کے بعد بھارتی میڈیا نے اپنے بورڈ اور حکومت کو آڑے ہاتھوں لیا ہے۔
ورلڈ چیمپئنز لیگ کی طرح ایشیا کپ میں بھی پاکستان کے خلاف میچ کا بائیکاٹ کرنےکا مطالبہ کیا جارہا ہے۔
سابق بھارتی کھلاڑیوں کی جانب سے بھی پاکستان کے خلاف کھیلنےکے فیصلےکو تنقیدکا نشانہ بنایا جارہا ہے۔