ویب ڈیسک: اسرائیل کے وزیر دفاع اسرائیل کاٹز نے ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کو براہ راست نشانہ بنانے کی دھمکی دے دی۔
انہوں نے رامون ایئر فورس بیس کے دورے کے دوران کہا کہ اگر ایران کی جانب سے اسرائیل کو دھمکیاں دی گئیں تو اسرائیلی فضائیہ تہران تک پہنچنے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہے اور اس بار حملہ براہ راست خامنہ ای تک جائے گا۔
ایک اسرائیلی اخبار کو انٹرویو دیتے ہوئے کاٹز نے کہا کہ وہ خامنہ ای کو صاف پیغام دینا چاہتے ہیں کہ اگر اسرائیل کو دھمکیاں دی گئیں تو جواب تہران میں شخصی طور پر دیا جائے گا۔
یہ بیان ایران اور اسرائیل کے درمیان حالیہ 12 روزہ کشیدگی کے تناظر میں سامنے آیا ہے، جو 13 جون کو اسرائیل کے ایرانی فوجی اور جوہری تنصیبات پر حملے سے شروع ہوئی۔ ایران نے میزائل اور ڈرون حملوں سے جوابی کارروائی کی، جبکہ امریکہ نے تین ایرانی جوہری مراکز پر بمباری کی۔ یہ تنازع بالآخر 24 جون کو امریکی ثالثی سے ہونے والے جنگ بندی معاہدے پر ختم ہوا۔