ویب ڈیسک: ویسٹ انڈیز کے آل راؤنڈر جسٹن گریوز نے پاکستان کے خلاف ٹراؤبا میں جاری پہلے ٹیسٹ کے تیسرے روز شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں منفرد ریکارڈ اپنے نام کر لیا۔
32 سالہ جسٹن گریوز ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں مسلسل پانچ میڈن اوورز کے دوران وکٹیں حاصل کرنے والے پہلے بولر بن گئے۔ انہوں نے تباہ کن بولنگ کرتے ہوئے 27 رنز کے عوض 5 وکٹیں حاصل کیں، جو ان کے ٹیسٹ کیریئر کی پہلی پانچ وکٹوں کی اننگز بھی ہے۔
ایک مرحلے پر پاکستان 244 رنز پر 3 وکٹوں کے نقصان کے ساتھ مضبوط پوزیشن میں تھا اور کپتان شان مسعود شاندار سنچری مکمل کر چکے تھے، تاہم جسٹن گریوز نے میچ کا نقشہ ہی بدل دیا۔
گریوز نے سب سے پہلے 109 رنز بنانے والے شان مسعود کو آؤٹ کیا، جس کے بعد انہوں نے بغیر کوئی رن دیے عامر جمال، محمد رضوان، علی عثمان اور وقفے کے بعد محمد عباس کی وکٹیں حاصل کرکے پاکستان کی بیٹنگ لائن کو تہس نہس کر دیا۔
The first time it has happened in Tests, where recorded!
— Cricinfo (@cricinfo) July 27, 2026
Justin Greaves' first Test five-for is extraordinary ???? pic.twitter.com/G6HpF7vxdb
ان کی تباہ کن بولنگ کے باعث پاکستان، جو بڑے اسکور کی جانب بڑھ رہا تھا، 282 رنز پر ڈھیر ہوگیا اور پہلی اننگز میں ویسٹ انڈیز کے خلاف 29 رنز کے خسارے میں چلا گیا۔
میچ کے بعد جسٹن گریوز نے اپنی کامیابی کا کریڈٹ کپتان روسٹن چیس کو دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے انہیں صبر اور نظم و ضبط کے ساتھ ایک ہی لائن اور لینتھ پر بولنگ جاری رکھنے کا مشورہ دیا، جس کے مثبت نتائج سامنے آئے۔
تیسرے روز کے اختتام پر ویسٹ انڈیز نے اپنی دوسری اننگز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 126 رنز بنا لیے تھے، جس کے بعد میزبان ٹیم کو پاکستان پر مجموعی طور پر 155 رنز کی برتری حاصل ہو گئی ہے۔