کشمیر کاز کو کبھی نقصان نہیں پہنچنے دیں گے، وفاقی وزیر اطلاعات عطاء تارڑ

کشمیر کاز کو کبھی نقصان نہیں پہنچنے دیں گے، وفاقی وزیر اطلاعات عطاء تارڑ

(ویب ڈیسک ) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ کا کہنا ہے کہ کشمیر کاز کو کبھی نقصان نہیں پہنچنے دیں گے، ناکامی ان کا مقدر ہوگی،اس جتھے کی کشمیر مخالف پالیسیاں ناکام ہوں گی۔

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ  نے راولا کوٹ، آزاد جموں و   کشمیر میں امن و امان کی صورتحال کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آزاد کشمیر میں پرامن اور شفاف الیکشن کا انعقاد ہوا،مرکزی دھارے کی سیاسی جماعتوں نے بڑھ چڑھ کر انتخابی عمل میں حصہ لیا،کشمیری عوام نے الیکشن کی کال پر بھرپور انداز میں لبیک کہا،راولا کوٹ میں چھ لاکھ ووٹ کاسٹ ہوئے۔

انہوں نے کہا کہ کشمیر کے انتخابی عمل میں سیاسی جماعتوں نے بڑے بڑے جلسے  اور کارنر میٹنگز منعقد کیں، الیکشن کے تمام تر لوازمات بھرپور طریقے سے دیکھنے میں آئے، کشمیر کے عوام کا انتخابات میں ردعمل دیدنی تھا،مسلم لیگ (ن)، پیپلز پارٹی، آئی پی پی سمیت دیگر جماعتوں نے اپنے آپ کو انتخابی عمل میں سیاسی طور پر متحرک رکھا۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ جوائنٹ ایکشن کمیٹی کو پرامن اور شفاف انتخابات ہضم نہیں ہوئے،آج آزاد کشمیر کے ترجمان اور انتظامیہ کی پریس کانفرنس میں تفصیلات سے آگاہ کیا،ایک پرتشدد جتھے کو کشمیر کی ترقی، امن اور کشمیر کا پاکستان سے نہ ٹوٹنے والا رشتہ قابل قبول نہیں ہے،اس جتھے نے کشمیر کے امن کو خراب کرنے کی کوشش کی۔

انہوں نے کہا کہ کشمیر کے عوام نے ان کی پرتشدد کارروائیوں کو مسترد کرتے ہوئے الیکشن کا راستہ اختیار کیا جو ان عناصر کو قابل قبول نہیں تھا،اس پرتشدد جتھے سے ممنوعہ اسلحہ برآمد ہوا،پرتشدد جتھے نے امن و امان کو خراب کرنے کی کوشش کی،روز اول سے کہہ رہے تھے کہ یہ پرامن احتجاج نہیں ہے، یہ جتھہ بیرونی ایجنڈے اور بھارتی فنڈنگ سے اپنی مہم چلا رہا ہے،ایسے عناصر کا مکروہ چہرہ پوری دنیا کے سامنے بے نقاب ہو چکا ہے۔

عطا تارڑ نے کہا کہ امن و امان کی صورتحال کو خراب کرنے، عوام کی جان و مال کو نقصان پہنچانے کی کسی کو اجازت نہیں دیں گے،حکومت پاکستان آزاد کشمیر حکومت کے ساتھ ہے،کسی کو اجازت نہیں کہ وہ امن کو خراب کرے،تشدد کے زور پر الیکشن کے دوران اس طرح خرابی پیدا کرنے کی کسی کو اجازت نہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ عوام ایسے عناصر کے ایجنڈے کو بخوبی جانتے ہیں،یہ عناصر کشمیر کاز کو نقصان پہنچانا چاہتے ہیں، کشمیر کاز کو کبھی نقصان نہیں پہنچنے دیں گے، ناکامی ان کا مقدر ہوگی،اس جتھے کی کشمیر مخالف پالیسیاں ناکام ہوں گی۔

Watch Live Public News