الرٹ جاری ، سیلاب نقصانات اپڈیٹس، پی ڈی ایم اے کی رپورٹ

 الرٹ جاری ، سیلاب نقصانات اپڈیٹس، پی ڈی ایم اے کی رپورٹ

ویب ڈیسک:پروانشل ڈیزاسٹرمینجمنٹ اتھارٹی، سیلاب نقصانات اپڈیٹس، مون سون بارشوں کے باعث دریائے سوات میں طغیانی،انسانی جانوں اور انفراسٹرکچر کو نقصان، نقصانات سے متعلق پی ڈی ایم اے کی ابتدائی رپورٹ جاری۔

رپورٹ کے مطابق  گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران دریائے سوات میں خوازہ خیلہ کے مقام پر سیلابی صورتحال کا سامنا رہا، سیلاب کے نتیجے میں انسانی جانوں کے ضیاع اور انفراسٹرکچر کو شدید نقصان پہنچا ہے،مجموعی طور پر اب تک 11 افراد جاں بحق جبکہ 6  زخمی ہوئے۔

ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق جانبحق افراد میں 4 مرد، 3 خواتین اور 4 بچے شامل ہیں، زخمیوں میں 3 مرد اور 3 خواتین شامل ہیں، بارشوں اور فلیش فلڈ کے باعث سب سے زیادہ ضلع سوات  میں 10 افراد  جاں بحق اور 6  زخمی ہوئے ۔

ملاکنڈ میں ایک شخص جاں بحق ہوا،متاثرہ علاقوں میں مجموعی طور پر 56 گھروں کو نقصان پہنچا، 6 گھروں کو مکمل اور50 کو جزوی طور پر نقصان پہنچا۔

ترجمان پی ڈی ایم اے کا کہنا تھا کہ صورتحال کے پیش نظر پی ڈی ایم اے کا ایمرجنسی آپریشن سنٹر تمام متعلقہ اداروں، ضلعی انتظامیہ اور ریسکیو ٹیموں کے ساتھ قریبی رابطے میں ہے۔

پی ڈی ایم اے کا ایمرجنسی عملہ 24 گھنٹے ڈیوٹی پر مامور ہے، ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے  اور ڈائریکٹر ایمرجنسی آپریشنز  خود ایمرجنسی آپریشن سنٹر میں صورتحال کی نگرانی کر رہے ہیں۔

پی ڈی ایم اے خیبرپختونخوا نے سیلابی خطرات کے پیش نظر نوشہرہ اور چارسدہ کی ضلعی انتظامیہ کو الرٹ جاری کر دیا ہے،اضلاع کی متعلقہ انتظامیہ کو کسی بھی ہنگامی صورتحال یا سیلاب سے قبل پیشگی حفاظتی اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے،ریلیف سرگرمیوں کے سلسلے میں پی ڈی ایم اے نے ضلعی انتظامیہ کو 136 ٹرکوں پر مشتمل غیر خوراکی امدادی سامان پہلے سے فراہم کر دیا ہے۔

امدادی سامان میں خیمے، ترپالیں، کچن سیٹ، رضائیاں، تکیے، سلیپنگ بیگز اور دیگر ضروریات زندگی کی اشیاء شامل ہیں، متاثرین کی فوری مدد اور مالی معاونت کے لیے بھی پہلے ہی سے   پی ڈی ایم اے نے 45 کروڑ روپے اضلاع کی انتظامیہ کو ریلیف اور معاوضے کے مد میں جاری کیے ہیں،خصوصی طور پر ضلع سوات میں سیلابی صورتحال پر کڑی نظر رکھی جا رہی ہے۔

پی ڈی ایم اے کا ایمرجنسی آپریشن سنٹر 24 گھنٹے فعال ہے،شہری کسی بھی ایمرجنسی، معلومات یا شکایت کی صورت میں پی ڈی ایم اے کے ٹول فری نمبر 1700 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔

ترجمان پی ڈی ایم اے کا مزید کہنا تھا کہ یی ڈی ایم اے کی جانب سے تمام اضلاع کی انتظامیہ کو مون سون بارشوں سے متعلق پیشگی اقدامات کے لیے الرٹ جاری کیا گیا تھا۔

Watch Live Public News