سی ٹی ڈی خیبرپختونخوا کی استعدادکار بڑھانے کا فیصلہ

(ویب ڈیسک ) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا کہنا ہے کہ   سی ٹی ڈی خیبرپختونخوا کو ضروری ڈیٹا تک رسائی کی سہولت دی جائے گی۔ 

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے سی ٹی ڈی ہیڈ کوارٹر کا دورہ کیا۔ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ڈیٹا سنٹر، کرائم سین یونٹ، سی آئی اے یونٹ اور دیگر شعبوں کا وزٹ کیا۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی زیر صدارت سی ٹی ڈی ہیڈ کوارٹر میں اہم اجلاس ہوا، جس میں   سی ٹی ڈی خیبرپختونخوا کی استعدادکار بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ   سی ٹی ڈی خیبرپختونخوا کو ضروری ڈیٹا تک رسائی کی سہولت دی جائے گی۔خیبرپختونخوا دہشتگردی کے خلاف جنگ میں فرنٹ فٹ پر ہے۔ سی ٹی ڈی خیبرپختونخوا کے سائبر سیل کو وسعت دی جائے گی اور ہر ممکن معاونت کریں گے۔ 

محسن نقوی نے کہا کہ  ڈیٹا شئیرنگ کا موثر میکنزم بنایا جائے گا۔ سی ٹی ڈی نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں ہراول دستے کا کردار ادا کیا ہے۔  خیبرپختونخوا میں سی ٹی ڈی کا ادارہ موثر انداز میں کام کر رہا ہے۔   قوم کو اپنے بہادر  سپوتوں پر ناز ہے۔ 

نیکٹا کے سربراہ رائے طاہر، انسپکٹرجنرل پولیس اختر حیات گنڈاپور اور سی ٹی ڈی کے حکام نے اجلاس میں شرکت کی، سی ٹی ڈی خیبرپختونخوا کے سربراہ ایڈیشنل آئی جی شوکت عباس نے ادارے کی کارکردگی کے بارے بریفنگ دی،  آئی جی خیبرپختونخوا نے وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کو دہشتگردوں کے خلاف آپریشن کے بارے بریفنگ دی۔