صدرمملکت ، وزیراعظم سے آرمی چیف کی الوداعی ملاقات

صدرمملکت ، وزیراعظم سے آرمی چیف کی الوداعی ملاقات
اسلام آباد: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور وزیراعظم شہباز شریف سے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے علیحدہ علیحدہ الوداعی ملاقاتیں کی ہیں۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف سے چیف آف دی آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ کی وزیر اعظم ہاؤس میں الوداعی ملاقات ہوئی، وزیر اعظم نے جنرل قمر جاوید باجوہ کی پاک آرمی، ملکی دفاع اور قومی مفادات کے لئے خدمات کو سراہا . وزیر اعظم نے کہا کہ فیٹیف کی گرے لسٹ سے پاکستان کا نام نکلوانے، کورونا وبا اور سیلاب سمیت مختلف بحرانوں میں جنرل قمر جاوید باجوہ کی قیادت میں آرمی نے مثالی خدمات انجام دیں ۔ وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے عفریت کو کچلنے کے لئے جنرل قمر جاوید باجوہ کی قیادت میں آرمی نے بڑی شجاعت و بہادری سے کردار ادا کیا ہے ۔ جنرل قمر جاوید باجوہ نے تاریخ کے ایک مشکل مرحلے پر پاک آرمی کی قیادت کی ، دفاع پاکستان کو ناقابل تسخیر بنانے میں جنرل قمر جاوید باجوہ نے کلیدی کردار ادا کیا اور پیچیدہ علاقائی صورتحال میں جنرل قمر جاوید باجوہ کے قائدانہ کردار سے سکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے میں سمت کا تعین ہوا ہے۔ وزیر اعظم نے جیواکنامکس کی اہمیت کے حوالے سے جنرل قمر جاوید باجوہ کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا پاکستان کو معاشی قوت بنانے کے لئے تمام سیاسی قوتوں کو میثاق معیشت پر دستخط کرکے اجتماعی دانش کا مظاہرہ کرنا ہوگا . وزیراعظم نے آرمی چیف سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آپ کو دنیا کی بہترین آرمی کی قیادت کا باعث فخر اعزاز حاصل ہوا ہے ،آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے قومی امور کی انجام دہی میں بھرپور تعاون پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے جنرل قمر جاوید باجوہ کے اعزاز میں ظہرانہ بھی دیا۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے صدر پاکستان عارف علوی سے بھی الوداعی ملاقات کی.صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے جنرل قمر جاوید باجوہ کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ صدر مملکت کی جانب سے جنرل قمر جاوید باجو ہ کی ملک اور پاک فوج کے لیے خدمات کی تعریف کی گئی۔ انہوں نے ریٹائر ہونے والے آرمی چیف کی دفاعی شعبے میں خدمات کو سراہا۔
ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔