ویب ڈیسک: پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور عالمی شہرت یافتہ بلے باز بابر اعظم کا کہنا ہے کہ میرا مقصد ملک کے لیے ٹرافی جیتنا ہے، اس کے لئے سخت محنت کررہا ہوں۔
انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان کیون پیٹرسن کےیوٹیوب چینل پر پوڈ کاسٹ میں بابراعظم کا کہنا تھا کہ اچھا وقت بہت مختصر ہوتا ہے، سابق کپتان نے کہا کہ جب میدان میں لوگ آپ کا نام پکارتے ہیں تو وہ کھلاڑی کے لیے بہت ہی خاص لمحہ ہوتا ہے۔
کیون پیٹرسن نے بابراعظم سے ان کے آئیڈئل کھلاڑی کے بارے پوچھا کہ وہ کون ہے؟ جواب دیتے ہوئے بابراعظم کا کہنا تھا کہ اُن کے آئیڈئل اے بی ڈویلیئر ہیں، جب میں چھوٹا تھا تب سے ڈویلیئر کی بیٹنگ کو دیکھتا تھا اس لئے وہ ’آل ٹائم‘ میرا فیورٹ کھلاڑی ہے۔
کیون پیٹرسن نے سوال کیا کہ اے بی ڈی ویلیئرز آپ کے پسندیدہ کھلاڑی ہیں تو میں کون سے نمبر پر ہوں، دوسرے یا تیسرے؟ جس پر پاکستان کے سابق کپتان نے کہا کہ ’نہیں چھٹے یا شاید ساتویں‘۔جس پر دونوں نے زور دار قہقہے لگانا شروع کردیے۔
بابراعظم کا کہنا تھا میں ڈویلیئر کو کاپی کرتا تھا اُس کے کھڑے ہونے کا انداز، شارٹ کھیلنے کا طریقہ، کور ڈرائیو کمال ہے، سنہ 2006 یا 7 میں میں ایک بال پیکر تھا، پاکستان اور ساوتھ افریقہ کا ٹیسٹ میچ ہورہا تھا اُس وقت پہلی بار میں نے اپنے پسندیدہ کھلاڑی ڈویلیئر کو اپنی آنکھوں کے سامنے دیکھا اور حیران رہ گیا، ہاتھ بھی ملایا۔
بابراعظم نے مزید بتایا کہ جب میں نے پی ایس ایل کھیلی تو وہاں ڈویلیئر سے ملاقات ہوئی اور بتایا کہ آپ سے 2006، 7 میں ملاقات ہوئی تھی جس پر وہ ہکا بکا رہ گئے، میں نے تب اُن کو بتایا کہ آپ میرے ہیرو ہیں، میرے پسندیدہ کھلاڑی ہیں۔