لانگ مارچ ناکام ہوا تو قوم ناکام ہو گی، پی ٹی آئی

لانگ مارچ ناکام ہوا تو قوم ناکام ہو گی، پی ٹی آئی
لاہور: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنماؤں کا کہنا ہے کہ اگر لانگ مارچ ناکام ہوا تو قوم ناکام ہو گی۔ سابق وفاقی وزیر اطلاعات و رہنما پی ٹی آئی فواد چودھری، اسد عمر اور دیگر نے پریس کانفرنس کی، دوران پریس کانفرنس انہوں نے کہا کہ آج کا دن سینئر صحافی ارشد شریف کے نام ہے اور گذشتہ روز ایک بزرگ صحافی کو بھی گرفتار کیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سینیٹر اعظم سواتی پر تشدد کیا گیا ، ملک میں ایسا تماشہ بنا ہوا ہے جو پہلے کبھی نہیں دیکھا گیا اور اگر نظام کو بدلنا چاہتے ہو تو پھر گھر سے نکلو ورنہ بچوں کی زندگیاں بھی سڑے نظام میں ہی گزریں گی۔ فواد چودھری کا کہنا تھا کہ بند کمروں کے فیصلے کو مسترد کرنا چاہیے اور اگر یہ مارچ ناکام ہو گیا تو قوم بھی ناکام ہو گی اور ساتھ ہی کہا کہ اگر مارچ کامیاب ہوتا ہے تو عوام کامیاب ہوں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایجنڈے کے تحت پاکستان کو کمزور کرنے کی سازش ہو رہی ہے اور تحریک انصاف پرفیکٹ جماعت نہیں ہم میں بھی کمزوریاں ہوں گی اور جو سیاسی خودکشی کرنا چاہتا ہے تو وہ طبقہ پارٹی کو چھوڑ سکتا ہے۔ رہنما پی ٹی آئی فواد چودھری نے کہا کہ پوری پارٹی عمران خان کے ساتھ ہے اور مزید لوگ بھی عمران خان کے ساتھ جڑ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج وزیر اعظم کے فوکل پرسن مستعفی ہوئے ہیں اور مزید لوگ بھی اب ن لیگ چھوڑ کر آرہے ہیں۔ اسد عمر کہتے ہیں کہ درخواست میں لکھا ہے کہ 4 نومبر سے دھرنوں اور جلسوں کا سلسلہ شروع ہو گا اور درخواست کے مطابق آئین ہمیں جلسوں کی اجازت دیتا ہے۔ چاہے الٹے لٹک جائیں یا کچھ کر لیں ووٹ عمران خان کا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ تحریک انصاف کو کوئی دھچکا نہیں لگنے والا ، پورے سال بھی جلسے کریں تو بھی آئین ہمیں اس کا حق دیتا ہے ۔ نئے الیکشن ہی ملکی مسائل کا حل ہیں اور حکومت الیکشن کی تاریخ دے ہم مذاکرات کیلئے تیار ہیں۔ لوگ وردی سے عشق کرتے ہیں۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔