کسانوں کا اعتماد کبھی نہیں ٹوٹنےدیں گے، مریم نواز

کسانوں کا اعتماد کبھی نہیں ٹوٹنےدیں گے، مریم نواز

(ویب ڈیسک ) وزیر اعلی پنجاب مریم نواز کا کہنا ہے کہ کسانوں سے کہتی ہوں جیسے ہمارے اوپر اعتماد کا اظہار کیا ہے، ہم آپ کا اعتماد کبھی نہیں ٹوٹنے دیں گے۔

وزیر اعلی پنجاب مریم نواز نے حافظ آباد میں کسان کارڈ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج کی تقریب کے مہمان خصوصی میرے کسان بھائی ہیں، کسان کارڈ کی لانچنگ پر آپ سب کو مبارک ہو، وزیر زراعت اور سیکرٹری زراعت کو انکی محنت پر شاباشی دیتی ہوں ۔

انہوں نے کہا کہ  کسانوں کو زندگیوں میں بہتری لانے کیلئے دن رات کوشش کر رہی ہوں ، زراعت کے تمام منصوبے سب سے پہلے دیکھتی ہوں ، آج اپنے والد کی یہاں کمی محسوس کر رہی ہوں، کسان کارڈ کی لانچنگ میاں نواز شریف نے کرنا تھی ، وہ ہر وقت اس منصوبے سے متعلق آگاہی حاصل کرتے رہتے ہیں ۔

وزیر اعلی پنجاب نے کہا کہ  جب میں نے اس بار گندم نہیں خریدی تو بہت تنقید کا سامنا کرنا پڑا ، مجھے عوام کی روٹی سستا کرنا تھی ، آٹے کی قیمتوں کو نیچے لانا تھا ، 14 کروڑ عوام پنجاب میں بستے ہیں ، مجھے انکا اور کسان بھائیوں کا سب کا خیال کرنا ہے۔

مریم نواز نے کہا کہ   کسان کارڈ کے زریعے ہم کسانوں تک خود رسائی حاصل کر رہے ہیں ، کسانوں کا کہنا ہے کہ اس کارڈ سے مڈل مین سے جان چھوٹ جائے گی، کسانوں کو بلا سود قرضے دیے جا رہے ، ڈیرھ لاکھ روپے تک کا قرضہ دیا جائے گا ۔

ان کا کہنا تھا کہ   کسان ہم سے ناراض ہوتا ؟ تو 12 لاکھ درخواستیں کیسے آ گئی ، 5 لاکھ کسان کارڈ کا پلان تھا لیکن اب ساڑھے 7 لاکھ کارڈ دیے جائیں گے ، 4 لاکھ کسان کارڈ ڈلیور کیے جا چکے ہیں ، کسان کارڈ کے ذریعے بیج ، کھاد اور کیڑے مار ادویات خریدے جا سکیں گے ۔

وزیر اعلی پنجاب کا کہنا تھا کہ کسان کارڈ ایکٹیو ہوتے ہی کسانوں نے 6 ارب کے قریب خریداری کر لی ہے، کسانوں کو مفت ٹریکٹر دیے جائیں گے ، خوشی کی بات یہ ہے جن لوگوں نے کسان کارڈ کے لیے درخواست دی انکی زمین 4 ایکڑ تک ہے ، ان لوگوں کو حکومت کی مدد کی ضرورت تھی ۔

انہوں نے کہا کہ   کسان آنے والے دنوں میں مزید خوشحال ہو گا ، گرین ٹریکٹر سکیم کی جلد بیلٹنگ کرنے جا رہے ہیں ،15 لاکھ سے زائد درخواستیں موصول ہوئی ہیں ، 35 سے 40 ارب روپے سے ایسا پروگرام لارہے ، جس کے زریعے کسانوں کے لیے کرایہ پر مشینری مہیا کی جائے گی ، یہ پروگرام ہر تحصیل میں ہو گا، ہم چاہتے ہیں کہ لوگوں کی پیداوار میں اضافہ ہو۔

مریم نواز نے کہا کہ  سولر ٹیوب ویلز پر کام جاری ہے ، 7 ہزار ٹیوب ویلز کو سولر پر منتقل کریں گے ، زرعی یونیورسٹی کے بچوں کو انٹرن شپ پر رکھا ہے، 60 ہزار روپے انہیں دیے جارہے ہیں۔

ان  کا کہنا تھا کہ  پنجاب واحد صوبہ ہے جہاں روٹی 12 روپے میں مل رہی ، سبزیوں کی قیمتوں کو نیچے لانا ترجیح ہے ، 3 ارب کے پیکج سے ہر شہر میں آلو ، ٹماٹر اور پیاز کی کاشت کی جائیں گی  تاکہ ان سبزیوں کی قیمتیں نیچے آئیں، دوسرے شہروں سے جب سبزیاں لائی جاتی ہیں تو انکی قیمتیں بڑھ جاتی ہیں ۔

وزیر اعلی پنجاب نے کہا کہ  بہت لوگ کسانوں کے نام پر سیاسی نعرے لگاتے ہیں ، کسانوں کے لیے عملی اقدامات ہمیشہ مسلم لیگ ن نے کیے ہیں ، آج سٹاک مارکیٹ 91 ہزار پر پہنچ گئی ہے ، یہی سٹاک مارکیٹ تحریک انتشار کے دور میں زمین بوس تھی، مہنگائی مسلسل نیچے آرہی ہے، یہ سب نواز شریف کی حکومت کی بدولت ہو رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ  ہم سیاسی نعرے نہیں لگاتے ، خدمت کرتے ہیں، 8 مہینے کی حکومت میں ہر آنے والا دن پاکستان کے لیے اچھی خبریں لے کر آتا ہے، گالم گلوچ سے ملک ترقی نہیں کرتا ، عاجزی کے ساتھ کہتی ہوں پنجاب کو بدلتا ہوا دیکھ رہی ہوں ۔

مریم نواز نے مزید کہا  کہ  فتنہ کی سیاست ختم ہو رہی ہے ، جلاؤگھیراؤوالوں کی سیاست آخری سانسیں لے رہی ہے ، کسانوں سے کہتی ہوں جیسے ہمارے اوپر اعتماد کا اظہار کیا ہے، ہم آپ کا اعتماد کبھی نہیں ٹوٹنے دیں گے۔

Watch Live Public News