پاکستان سے حج آپریشن 2025 کا باضابطہ آغاز

پاکستان سے حج آپریشن 2025 کا باضابطہ آغاز
کیپشن: پاکستان سے حج آپریشن 2025 کا باضابطہ آغاز

ویب ڈیسک: پاکستان میں حج آپریشن 2025 کی باضابطہ شروعات ہو گئی ہیں۔ اس سلسلے کی پہلی پرواز، پی کے 713، آج صبح 4 بج کر 45 منٹ پر اسلام آباد سے 442 خوش نصیب عازمین کو لے کر مدینہ منورہ روانہ ہوئی۔

تفصیلات کے مطابق عازمین حج کو رخصت کرنے کے لیے وفاقی وزیر برائے مذہبی امور سردار محمد یوسف، سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی، اور پی آئی اے کے سی ای او ائیر وائس مارشل عامر حیات اسلام آباد ایئرپورٹ پر موجود تھے۔ اس موقع پر حجاج کرام کو خصوصی تحائف بھی پیش کیے گئے۔

آج ہی کوئٹہ سے بھی حج آپریشن کا آغاز ہو رہا ہے، جہاں سے پہلی پرواز پی کے 7201 صبح 10 بجے 170 عازمین کو لے کر مدینہ کے لیے روانہ ہو گی۔ اسی طرح، لاہور سے پہلی حج پرواز پی کے 747 رات 10 بجے 323 حجاج کرام کو لے کر روانہ ہوگی۔

پی آئی اے کے ترجمان کے مطابق، قومی ایئر لائن اس سال تقریباً 35,200 سرکاری اسکیم کے تحت منتخب عازمین کو سعودی عرب لے جانے کے لیے 117 سے زائد خصوصی پروازیں چلائے گی۔

حج آپریشن کو دو مرحلوں میں تقسیم کیا گیا ہے: پہلے مرحلے میں پروازیں مدینہ منورہ روانہ ہوں گی جبکہ دوسرے مرحلے میں جدہ کے لیے پروازیں چلائی جائیں گی۔

پی آئی اے اس سال اسلام آباد، کراچی، لاہور، پشاور، ملتان، اور کوئٹہ سے براہ راست حج پروازیں آپریٹ کر رہی ہے۔

اسلام آباد اور کراچی ایئرپورٹس پر "روڈ ٹو مکہ" سہولت فراہم کی گئی ہے، جس کے ذریعے حجاج اپنی امیگریشن کی کارروائی پاکستان میں مکمل کر کے سعودی عرب روانہ ہوں گے، جس سے ان کا وقت اور محنت دونوں بچیں گے۔

قبل از حج پروازوں کا یہ سلسلہ 31 مئی تک جاری رہے گا، جبکہ واپسی کی پروازیں 10 جون سے شروع ہو کر 10 جولائی تک مکمل ہو جائیں گی۔

Watch Live Public News