بھارت کی ایک بار پھر آبی جارحیت، دریائے جہلم میں پانی چھوڑ دیا

بھارت کی ایک بار پھر آبی جارحیت، دریائے جہلم میں پانی چھوڑ دیا

(ویب ڈیسک ) بھارت  کی جانب سے مقبوضہ کشمیر سے دریائے جہلم میں بھی پانی چھوڑ دیا گیا۔

آزاد کشمیر کے اسٹیٹ ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی  کا کہنا ہے کہ  بھارتی مقبوضہ کشمیر سے   آزاد کشمیر میں دریائے جہلم میں پانی چھوڑا گیا ہے۔ بھارت کی طرف سے چھوڑا گیا پانی کا ریلا کنٹرول لائن چکوٹھی کے مقام سے آزاد کشمیر میں داخل ہوگیا۔

ایس ڈی ایم اے  کے مطابق مظفرآباد میں بھی دریائے جہلم میں پانی کا بہاؤ بڑھ گیا اور دریائے جہلم میں پانی کے بہاؤ کی نگرانی جاری ہے۔

ایس ڈی ایم اے  نے بتایا  کہ   دریائے جہلم میں چکوٹھی کے مقام سے پانی کی مقدار میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے جس کے باعث مظفر آباد، ہٹیاں بالا اور نیچے کی طرف منگلا تک کے علاقوں میں پانی کی سطح بلند ہو سکتی ہے لہٰذا  احتیاطی تدابیر اختیار  کریں۔

آزاد کشمیر کے اسٹیٹ ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی   نے عوام سے اپیل کی کہ دریا اور ندی نالوں کے کنارے غیر ضروری آمد و رفت سے گریز کریں، مویشیوں اور قیمتی سامان کو محفوظ مقامات پر منتقل کریں اور بچوں کو دریاؤں اور برساتی نالوں کے قریب نہ جانے دیں۔

یاد رہے کہ بھارت نے پنجاب کے دریاؤں میں پانی چھوڑا تھا جس کے بعد دریائے راوی ، چناب اور ستلج بپھر گئے جس سے تباہی مچ گئی۔ دریاؤں کے کنارے آباد بستیاں اور فصلیں زیر آب آ گئیں۔سیلابی ریلے کے باعث  ہزاروں افراد نقل مکانی کرنے پر مجبور ہو گئے۔

Watch Live Public News