نیٹ فلکس مفت اکاؤنٹ شیئر کرنیوالوں کیخلاف کریک ڈاؤن کیلئے تیار

نیٹ فلکس مفت اکاؤنٹ شیئر کرنیوالوں کیخلاف کریک ڈاؤن کیلئے تیار
نیویارک: سال 2023 کے آغاز پر مقبول ترین ویڈیو سٹریمنگ کمپنی نیٹ فلکس کی جانب سے اکاؤنٹ پاس ورڈ شیئرنگ روکنے کے لیے کریک ڈاؤن سے کیا جائے گا ۔ گذشتہ دنوں غیر ملکی خبر رساں ادارہ کی جانب سے ایک رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ نیٹ فلکس کی جانب سے امریکا میں 2023 کے شروع میں اکاؤنٹ شیئرنگ روکنے کے لیے اقدامات متعارف کرائے جائیں گے کہ جن کو بعد ازاں دنیا بھر میں توسیع دی جائے گی ۔ واضح رہے کہ اگست 2022 میں کمپنی نے لاطینی امریکا کے 5 ممالک میں سے ایک ٹیسٹ کا آغاز کیا تھا ، جس کے زریعے سے پاس ورڈ شیئر کرنے والوں سے یہ کہا گیا تھا کہ وہ ہر اضافی گھر پر فیس ادا کریں ۔ اس وقت کمپنی کا کہنا تھا کہ اگر کسی بھی صارف کا اکاؤنٹ اس کی رہائشگاہ سے باہر مختلف مقامات پر 2 ہفتوں سے زیادہ استعمال یوتا ہے تو کمپنی کی جانب سے اضافی فیس ادا کرنے کا مطالبہ کیا جائے گا ۔آسان الفاظ میں یہ کہا جائے گا کہ اگر کوئی ایسا فرد آپ کا نیٹ فلکس اکاؤنٹ استعمال کرتا ہے کہ جو آپ کے گھر میں مقیم نہیں ہے تو پھر اضافی فیس ادا کرنا پڑے گی ۔ نیٹ فلکس کی جانب سے اکاؤنٹس کے درمیان پروفائلز کو ٹرانسفر کرنے کے فیچر کو بھی متعارف کرایا گیا تھا جس کا مقصد بھی یہی تھا۔ رپورٹ کے مطابق امریکا میں پاس ورڈ شیئر کرنے والے اکاؤنٹ سے جو بھی اضافی فیس لی جائے گی وہ سات ڈالرز سے کچھ کم ہوسکتی ہے ،کمپنی کو توقع ہے کہ اس طرح دوسروں کے اکاؤنٹ استعمال کرنے والے افراد خود ہی اس سروس کے صارف بن جائیں گے ۔ کمپنی کی جانب سے فی الحال اس کریک ڈاؤن کا باضابطہ اعلان نہیں کیا گیا ہے کیونکہ اسے یہ بھی خدشہ ہے کہ متعدد صارفین سروس کو چھوڑ کر نہ چلے جائیں ۔ کمپنی کے مطابق دنیا بھر میں دس کروڑ افراد اس سروس کو اپنے دوستوں کے اکاؤنٹس کے ذریعے مفت استعمال کرتے ہیں ۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔