کسی اور کے نام پر جاری فون سمز کب بند کی جائیں گی؟ پی ٹی اے نے اہم اعلان کر دیا

کسی اور کے نام پر جاری فون سمز کب بند کی جائیں گی؟ پی ٹی اے نے اہم اعلان کر دیا
کیپشن: کسی اور کے نام پر جاری فون سمز کب بند کی جائیں گی؟ پی ٹی اے نے اہم اعلان کر دیا

ویب ڈیسک: پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی ( پی ٹی اے) نے کسی دوسرے کے نام پر جاری فون سمز کے حوالے سے اہم اعلان کیا ہے۔ پی ٹی اے کے مطابق، اب تمام سمز صارف کے اپنے نام پر رجسٹرڈ کرانا لازمی ہوگا۔ کسی اور کے نام پر رجسٹرڈ سم کا استعمال قانون کی خلاف ورزی تصور کیا جائے گا، اور سم کے غلط استعمال کی مکمل ذمہ داری رجسٹرڈ صارف پر ہوگی۔

پی ٹی اے نے کہا ہے کہ صارفین اپنی سمز اور ٹیلی کام کنکشنز کے استعمال کے خود ذمہ دار ہوں گے، اور کالز، میسجز، اور ڈیٹا کے استعمال پر ضوابط کی پابندی کرنا بھی ضروری ہے۔ خلاف ورزی کی صورت میں قانونی کارروائی کی جا سکتی ہے۔

پی ٹی اے کے ڈائریکٹر کاشف غفور نے اس حوالے سے کہا کہ یہ انتباہ کوئی نیا اقدام نہیں، بلکہ صارفین کو مسلسل یاد دہانی کروائی جاتی ہے۔ ایگریمنٹ میں واضح طور پر درج ہے کہ سم جاری کرنے والے شخص کے نام پر ہی وہ سم ہوگی۔

کاشف غفور نے مزید کہا کہ قانون کے مطابق ایک شخص اپنے نام پر زیادہ سے زیادہ 8 سمز جاری کروا سکتا ہے، اور سم کے استعمال کی پوری ذمہ داری صارف کی ہوگی۔ صارفین کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ صرف اپنے نام پر سم استعمال کریں۔

انہوں نے یہ بھی بتایا کہ ابھی تک حتمی فیصلہ نہیں ہوا کہ کسی اور کے نام پر جاری سمز بند کی جائیں گی یا نہیں، تاہم صارفین اپنے نام پر جاری سمز کی تعداد جاننے کے لیے اپنا شناختی کارڈ نمبر 668 پر سینڈ کر سکتے ہیں، اور انہیں میسج کے ذریعے سمز کی تعداد سے آگاہ کیا جائے گا۔

Watch Live Public News