غلط معلومات کا پھیلاؤ غلط فہمیاں پیدا کررہا ہے:آرمی چیف

غلط معلومات کا پھیلاؤ غلط فہمیاں پیدا کررہا ہے:آرمی چیف
راولپنڈی: (ویب ڈیسک) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ بیرونی مفادات کے تحت غلط معلومات کا پھیلاؤ غلط فہمیاں پیدا کر رہا ہے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کور ہیڈ کوارٹرز لاہور کا دورہ کیا جہاں انہیں لاہور کور کی فارمیشن کی آپریشنل تیاریوں اور تربیتی امور پر بریفنگ دی گئی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف سے لاہور کی مختلف یونیورسٹیوں کے وائس چانسلرز، اساتذہ اور طلبہ نے بھی ملاقات کی۔ طویل سیشن کے دوران اساتذہ اور طلبہ نے کئی سوالات کیے اور بات چیت کو مثبت قرار دیا۔ آرمی چیف نے مستقبل کی قیادت اور مفید شہریوں کی تیاری میں تعلیمی اداروں کے کردار کو سراہا اور کہا کہ تعلیم، صحت، بنیادی ڈھانچے، ماحولیات کے شعبوں میں انسانی وسائل کی ترقی کی اشد ضرورت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بیرونی مفادات کے تحت غلط معلومات کا پھیلاؤ غلط فہمیاں پیدا کر رہا ہے اور غلط معلومات کا پھیلاؤ معاشرے کی ہم آہنگی کیلئے خطرہ ہے، دشمن قوتوں کے عزائم کو ناکام بنانے کیلئے متحد رہنا ہوگا۔ آرمی چیف کا کہنا تھا کہ پاکستانی نوجوان انتہائی باصلاحیت اور کاروباری سوچ کے حامل ہیں، پاکستانی نوجوان کو مواقع اور سازگار ماحول ملے تو ملک کو ترقی و خوشحالی کی طرف لے جائیں گے۔

Watch Live Public News