ویب ڈیسک: وزیراعلی مریم نواز شریف کا غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹیزکے سدباب کے لئے منفرد اقدامات کرتے ہوئےپنجاب سپیشل پلاننگ اتھارٹی قائم کرنے کا اصولی فیصلہ کرلیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق کمرشل،رہائشی اور زرعی زمینوں کی زوننگ کی جائے گی۔پی ایس پی اے ڈسٹرکٹ لینڈ یوز پلان اور زوننگ کرے گی۔ڈسٹرکٹ لینڈ یوز پلان اور زوننگ کو ہر چار سال میں ریویو کیا جائے گا۔ اضلاع میں ڈسٹرکٹ سپیشل پلاننگ کمیٹی کے قیام پر اتفاق کرلیا گیا ہے۔متعلقہ ڈپٹی کمشنر متعلقہ ڈسٹرکٹ سپیشل کمیٹی کے سربراہ ہوں گے۔
بتایا گیا ہے کہ واپڈا،سوئی گیس،واسا سمیت سروسز فراہم کرنے والے دیگر اداروں کے نمائندے بھی ڈسٹرکٹ سپیشل کمیٹی میں شامل ہوں گے۔زمینوں کے اراضی کے غیر قانونی استعمال کو روکنے کے لئے وائلیشن ٹریکنگ میکنزم بھی دیا جائے گا۔ڈسٹرکٹ ڈیجیٹل وال کے ذریعے اراضی کے غلط استعمال کی نشاندہی ہو گی۔ڈیجیٹل ڈیٹا کی بنیاد پردرخواستوں کی فاسٹ ٹریک پر منظوری کا فیصلہ بھی کیا جا سکے گا۔
وزیراعلی مریم نواز شریف نےہاؤسنگ سیکٹر کی زیر التواء درخواستیں فوری طور پر نمٹانے کا حکم دیدیا۔
وزیراعلی کی زیر صدارت اجلاس میں کمرشل اور رہائشی علاقوں کے الگ الگ یکساں کلر اور ڈیزائن کی تجویز کا جائزہ لیا گیا۔ہاؤسنگ سوسائٹیز میں گھروں کو ماحول دوست،واک ایبل اور جدید تقاضوں کے مطابق بنانے کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلی مریم نواز شریف نے لاہور ڈویلپمنٹ پلان پر پیش رفت کا جائزہ لینے کے لئے روزانہ تفصیلی رپورٹ طلب کر لی۔
وزیراعلیٰ کو بریفنگ میں بتایا گیا ہے کہ لاہور ڈویلپمنٹ پلان میں ای ٹینڈرنگ کی وجہ سے کروڑوں روپے کی بچت ممکن ہوئی۔لاہور ڈویلپمنٹ پلان کے فیز ون کے تحت 414سکیموں پر پیش رفت کی رپورٹ پیش کی گئی۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے اپنے بیان میں کہا کہ ٹاؤن پلاننگ مستحکم مستقبل کی ضمانت ہوتی ہے۔ناقص حکمت عملی کی وجہ سے اربن ایریاز میں بے ہنگم غیرقانونی ہاؤسنگ سوسائٹیاں بن رہی ہیں۔