جنوبی کوریا کی سابق خاتون اول کو 20ماہ قید کی سزا سنادی گئی

جنوبی کوریا کی سابق خاتون اول کو 20ماہ قید کی سزا سنادی گئی
کیپشن: جنوبی کوریا کی سابق خاتون اول کو 20ماہ قید کی سزا سنادی گئی

ویب ڈیسک: جنوبی کوریا کی ایک عدالت نے سابق خاتونِ اول کم کیون ہی کو بدعنوانی کے الزامات میں مجرم قرار دیتے ہوئے 20 ماہ قید کی سزا سنا دی ہے۔

سیئول کی ضلعی عدالت کے مطابق کم کیون ہی نے کاروباری مراعات دلوانے کے بدلے یونیفکیشن چرچ سے رشوت وصول کی، جس پر انہیں قصوروار ٹھہرایا گیا۔ یہ فیصلہ سابق صدر یون سوک یول کے خلاف بغاوت کے الزام میں متوقع عدالتی فیصلے سے تقریباً تین ہفتے قبل سامنے آیا ہے۔

یاد رہے کہ یون سوک یول کو ایک سال قبل مارشل لا نافذ کرنے کے باعث صدارتی عہدے سے برطرف کر دیا گیا تھا، جبکہ اس سے قبل ایک آزاد پراسیکیوٹر نے ان کے لیے سزائے موت کی استدعا بھی کی تھی۔

کم کیون ہی کے خلاف عدالتی فیصلے کو غیر متوقع قرار دیا جا رہا ہے، کیونکہ آزاد پراسیکیوٹر نے رشوت ستانی، حصص کی قیمتوں میں مبینہ ہیر پھیر اور سیاسی فنڈنگ قوانین کی خلاف ورزی کے الزامات کے تحت ان کے لیے 15 سال قید کی سزا کا مطالبہ کیا تھا۔

عدالت نے شواہد کی عدم دستیابی کی بنیاد پر کم کیون ہی کو حصص کی قیمتوں میں ہیر پھیر اور سیاسی فنڈنگ قوانین کی خلاف ورزی کے الزامات سے بری کر دیا ہے۔

کم کیون ہی کی دفاعی ٹیم کے مطابق وہ عدالت کے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہیں اور اس بات پر غور کر رہے ہیں کہ آیا فیصلے کے خلاف اپیل دائر کی جائے یا نہیں۔

Watch Live Public News