ویب ڈیسک: پاکستان اور بنگلادیش کے درمیان 14 سال بعد براہ راست فضائی رابطے بحال ہو گئے ہیں، اور آج سے دونوں ممالک کے درمیان فضائی سفر کی نئی تاریخ رقم ہو گی۔
بنگلا دیش کی بیمان ایئرلائن کی پہلی پرواز آج ڈھاکہ سے کراچی پہنچے گی۔ اس پرواز کا شیڈول کراچی ائیرپورٹ اتھارٹی اور سول ایوی ایشن کو موصول ہو چکا ہے، اور رات 8 بجے بیمان ایئرلائن ڈھاکہ سے کراچی کے لیے روانہ ہوگی۔
پرواز BG-341 تین گھنٹے کا فضائی سفر طے کرتے ہوئے رات 11 بجے کراچی ائیرپورٹ پر لینڈ کرے گی۔ کراچی ائیرپورٹ پر اس تاریخی پرواز کی آمد کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔
یاد رہے کہ پاکستان اور بنگلادیش کے درمیان فضائی راستے کی بحالی دونوں ملکوں کے لیے اہم سنگ میل ہے۔ پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی نے بیمان ایئرلائن کو پاکستان کے لیے فضائی آپریشن کی اجازت پہلے ہی دے دی تھی۔
ذرائع کے مطابق، بیمان ایئرلائن ہفتہ وار دو پروازیں کراچی اور ڈھاکہ کے درمیان چلائے گی۔