(ویب ڈیسک ) سندھ حکومت کی جانب سے سانحہ گل پلازہ کی عدالتی تحقیقات کرنے کا اعلان کردیا گیا۔
سینئر وزیر سندھ شرجیل انعام میمن نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ عدالتی تحقیقات کیلئے چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ کو خط لکھ رہے ہیں ۔خط میں درخواست کی جائے گی کہ سانحے کی تحقیقات حاضرسروس جج سے کرائی جائے۔کسی سیاسی جماعت کے دباؤ میں نہیں آئیں گے، چند سیاسی جماعتیں سانحے پر سیاست کر رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ ایک انتہائی سنجیدہ واقعہ ہے اور اس کو سیاسی رنگ دینے یا پوائنٹ اسکورنگ کی ضرورت نہیں ہے،ہم نے اس معاملے کو مکمل سنجیدگی کے ساتھ لیا ہے اور ذمہ دارانہ رویہ اختیار کیا ہے،ہم کسی پر بلاوجہ الزام نہیں لگا رہے اور نہ ہی حقائق چھپا رہے ہیں۔
شرجیل انعام میمن نے کہا کہ ہمارے پاس مضبوط شواہد موجود ہیں جو ضرورت پڑنے پر فراہم کیے جائیں گے،ہم مزید جامع اور بہتر شواہد پر مبنی رپورٹ بھی پیش کریں گے،جوڈیشل کمیشن کے سامنے بھی تمام حقائق اور شواہد رکھے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ جب تمام رپورٹس سامنے آ جائیں گی تو ہر ادارے اور فرد کی ذمہ داری واضح ہو جائے گی،اگر کسی وفاقی ادارے یا کسی اور ادارے کا قصور ثابت ہوا تو وہ بھی سامنے آ جائے گا،جن لوگوں نے ذاتی مفادات کے لیے غلط طریقے سے لیزیں دیں اور لوگوں کی جان و مال کو خطرے میں ڈالا وہ بھی بے نقاب ہوں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ عدالت جو بھی جج مقرر کرے گی وہ اس معاملے کا فیصلہ کرے گی،ہم اپنے فرائض اور ذمہ داریوں پر پوری سنجیدگی سے عمل کر رہے ہیں۔