"بھارٹی گیٹ کے واقعے اور قتل میں کوئی فرق نہیں ،یہ پنجاب یہاں ایک ایک جان قیمتی"

(ویب ڈیسک ) وزیراعلیٰ پنجاب   مریم نواز نےکہا ہےکہ  بھاٹی گیٹ کے  واقعے  اور قتل میں کوئی فرق نہیں، ہر سطح  پر مجرمانہ فعل ہوا ہے۔ یہ پنجاب ہے یہاں ایک ایک جان قیمتی ہے ، یہاں پر میں بھی جواب دہ ہوں آپ بھی جواب دہ ہیں۔

لاہور کے بھاٹی چوک میں کھلے مین ہول میں ماں اور بیٹی کے گر کر جاں بحق ہونے پر  اعلیٰ سطح کے اجلاس میں وزیراعلیٰ مریم نواز پنجاب کے متعلقہ اداروں پر برہم  ہوگئیں۔انہوں نے کمشنر لاہور، اسسٹنٹ کمشنر، واسا، ایل ڈی اے ، ڈپٹی کمشنر لاہور، ٹریفک پولیس اور  پولیس کو  برابر کا ذمہ دار قراردیدیا۔

اس موقع پر مریم نواز نے کہا کہ ہر سطح پر مجرمانہ فعل ہوا ہے، دس دس ڈیپارٹمنٹ بیٹھے ہوئےہیں جواب ایک کے پاس بھی نہیں، آدھا درجن انچارج ہیں لیکن جب  واقعہ ہوا تو کوئی پہنچا ہی نہیں۔کمشنر لاہور، ڈی سی لاہور ، ڈی جی ایل ڈی اے اور اسسٹنٹ کمشنر کو سزا ملنی چاہیے۔

وزیر اعلی پنجاب نے کہ جس جگہ خاتون گریں وہاں لائٹ نہیں تھی ، پینا فلیکس لگا کر سائٹ بند کی گئی لیکن روشنی کا کوئی انتظام نہیں کیا گیا ، تعمیراتی جگہ پر کسی قسم کی پارکنگ نہیں ہونی چاہیے تھی ، وہاں کوئی پارکنگ بنا کر پیسے لیتا رہا ، کسی کو بھی معلوم نہیں؟ ٹریفک پولیس کہاں ہے؟ محکمہ پولیس کہاں ہے؟ انہیں کیوں نہیں معلوم یہاں کوئی پارکنگ بناکر پیسے لے رہا ہے؟

وزیر اعلی پنجاب مریم نواز نے ٹیپا کے پروجیکٹ ڈائریکٹر ، سیفٹی انچارج اور واسا کے ذمہ داروں کو گرفتار کرنے اور نوکری سے برخاست کرنےکا حکم  دیا۔انہوں نے یہ ہدایت بھی دی کہ یقینی بنائيں کہ آئندہ انہیں دوبارہ نوکری نہ ملے۔

مریم نواز نے کنٹریکٹر سے1 کروڑ روپے لے کر متاثرہ خاندان کو دینے کی ہدایت بھی کی۔انہوں نے کہا کہ بات کو گھمانے کی کوشش کی اس طرح کہ ہمیں بھی یقین آگيا، پھر بجائے اس کے کہ خاندان کو مدد دیتے انہيں چور ڈاکو بنا کر تھانے میں لےگئے، متاثرہ خاتون کا شوہر شکایت لے کر گیا تو اسے ہی گرفتار کرلیا گیا ۔

وزیر اعلی پنجاب نے کہا کہ  یہ پنجاب ہے یہاں ایک ایک جان قیمتی ہے ، یہاں پر میں بھی جواب دہ ہوں آپ بھی جواب دہ ہیں، جہاں حادثہ ہوا وہاں پورے پاکستان سے لوگ آتے ہیں، جہاں اتنے لوگ آتے ہوں وہاں تعمیراتی کام کے دوران مجرمانہ غفلت کی گئی۔

مریم نواز نے کہا کہ  اگر مرنے والی بچی اگر کسی انتظامی افسر کی ہوتی تو کیا پوری انتظامی مشینری ہل کر نہیں رہ جاتی؟ خاتون نالے میں تین کلومیٹر دور چلی گئی، لاہور کی انتظامیہ کہتی رہی کہ کوئی گرا ہی نہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ عظمیٰ بخاری کا اس سے کوئی تعلق نہیں جو انفارمیشن ہمیں مل رہی تھی وہی عظمیٰ بخاری کو بھی مل رہی تھی۔

Watch Live Public News