ویب ڈیسک: امریکا میں فائرنگ کے واقعے میں پولیس افسر سمیت پانچ افراد جان کی بازی ہار گئے۔ حملہ آور نے بعد میں خود کو بھی گولی مار کر اپنی زندگی کا خاتمہ کر لیا۔
عالمی میڈیا کے مطابق فائرنگ کا افسوسناک واقعہ نیویارک شہر میں مڈٹاون مین ہٹن علاقے میں پیش آیا۔ جہاں مسلح شخص نے اندھا دھند فائرنگ کرکے پولیس افسر سمیت 5 افراد کو موت کے گھاٹ اتار دیا۔ حملہ آور کی فائرنگ سے ایک پولیس افسر اور دو شہری زخمی بھی ہوئے ہیں۔
عینی شاہدین کے مطابق غیر معمولی سکیورٹی کے باوجود مسلح شخص عمارت میں داخل ہوا اور فائرنگ شروع کر دی۔ پولیس حکام نے حملہ آور کی شناخت شین تامورا کے نام سے کی جو لاس ویگاس کا رہائشی تھا۔
حکام کے مطابق ملزم کا ماضی میں کوئی مجرمانہ ریکارڈ سامنے نہیں آیا ہے۔ شین تامورا کے پاس ہینڈگن کا لائسنس تھا۔ اس کے علاوہ اُس کے پاس پرائیوٹ تفتیش کار کا بھی لائسنس تھا جس کی مدت ختم ہوچکی تھی۔
خیال رہے کہ امریکا میں فائرنگ کے واقعے عام ہو گئے ہیں اور ہر سال سیکڑوں افراد فائرنگ کے واقعات میں مارے جاتے ہیں۔