معروف ڈیٹنگ ایپ نے خواتین کی نجی تصاویر اور چیٹس لیک کردیں

معروف ڈیٹنگ ایپ نے خواتین کی نجی تصاویر اور چیٹس لیک کردیں
کیپشن: معروف ڈیٹنگ ایپ نے خواتین کی نجی تصاویر اور چیٹس لیک کردیں

ویب ڈیسک: خواتین کو مردوں سے متعلق تجربات اور معلومات شیئر کرنے کا محفوظ پلیٹ فارم فراہم کرنے کا دعویٰ کرنے والی مشہور "ٹی" (Tea) ڈیٹنگ ایپ ایک بڑے ڈیٹا لیک اسکینڈل کی زد میں آ گئی ہے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق، اس ایپ سے 11 لاکھ سے زائد خواتین کی نجی چیٹس اور ذاتی معلومات آن لائن لیک ہو چکی ہیں، جس کے بعد صارفین میں شدید تشویش اور غصے کی لہر دوڑ گئی ہے۔

رپورٹ کے مطابق، لیک ہونے والے ڈیٹا میں نہ صرف عام گفتگو شامل تھی بلکہ اس میں دھوکہ دہی، اسقاط حمل، فون نمبرز، ذاتی تعلقات کے مسائل اور حساس جذباتی تجربات پر مبنی بات چیت بھی موجود ہے۔ کچھ چیٹس میں خواتین نے دریافت کیا کہ وہ ایک ہی مرد سے ڈیٹنگ کر رہی ہیں، جبکہ کئی پیغامات میں خواتین نے ایپ پر اپنے شوہروں کو دیگر خواتین سے رابطے میں پایا۔

یہ سیکیورٹی واقعہ ٹی ایپ کے لیے دوسرا بڑا دھچکا ہے۔ اس سے قبل بھی ہزاروں صارفین کی سیلفیز اور سرکاری شناختی دستاویزات لیک ہو چکی ہیں، جس نے صارفین کی رازداری پر سوالات اٹھا دیے تھے۔

404 میڈیا کی رپورٹ کے مطابق، اگرچہ ٹی ایپ گمنامی کو فروغ دیتی ہے اور صارفین کو فرضی اسکرین نیم استعمال کرنے کی ترغیب دیتی ہے، لیکن کئی خواتین نے اپنی اصل شناخت، فون نمبرز اور سوشل میڈیا ہینڈلز چیٹس میں شیئر کیے تھے، جس سے ان کی شناخت کرنا آسان ہو گیا۔ یہ صورتحال صارفین کے لیے سنگین خطرہ بن گئی ہے، خاص طور پر ان خواتین کے لیے جنہوں نے ایپ کو نجی اور محفوظ سمجھ کر حساس معاملات پر بات کی تھی۔

ٹی ایپ اس وقت 1.6 ملین سے زائد فعال صارفین کا دعویٰ کرتی ہے اور حال ہی میں ایپ اسٹور پر سب سے زیادہ ڈاؤن لوڈ کی جانے والی ایپس میں شمار ہوئی ہے۔ ایپ کی خاص بات یہ تھی کہ اس پر صرف خواتین کو رسائی دی جاتی ہے، وہ بھی سیلفی ویری فکیشن کے بعد، تاکہ پلیٹ فارم مردوں سے محفوظ رہے۔ تاہم، متواتر ڈیٹا لیکس نے نہ صرف پلیٹ فارم کی ساکھ کو متاثر کیا ہے بلکہ خواتین کی آن لائن سیکیورٹی پر بھی سنگین سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔

اس واقعے پر ردعمل دیتے ہوئے، ٹی ایپ کے ترجمان نے 404 میڈیا کو بتایا کہ وہ اس مسئلے کو سنجیدگی سے لے رہے ہیں اور ایک جامع تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ "ہم اس واقعے کو جلد از جلد قابو میں لانے کے لیے بھرپور اقدامات کر رہے ہیں اور اپنے صارفین کی سیکیورٹی کو اولین ترجیح دیتے ہیں۔"

ماہرین کا کہنا ہے کہ خواتین کی حفاظت اور رازداری کو یقینی بنانے والے پلیٹ فارمز کو اعلیٰ ترین سیکیورٹی معیارات پر پورا اترنا ہوگا، ورنہ ایسے واقعات صارفین کے اعتماد کو شدید نقصان پہنچا سکتے ہیں۔

Watch Live Public News