ویب ڈیسک: پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما، سابق وفاقی وزیر اور قائدِ عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو کے قریبی ساتھی ملک مختار اعوان طویل علالت کے بعد انتقال کر گئے۔
خاندانی ذرائع کے مطابق مرحوم کی نمازِ جنازہ 29 جولائی بروز بدھ صبح 9 بجے ملتان کی ابدالی مسجد میں ادا کی جائے گی، جس میں سیاسی، سماجی اور مذہبی شخصیات کے علاوہ کارکنوں اور عوام کی بڑی تعداد کی شرکت متوقع ہے۔
ملک مختار اعوان کا شمار پاکستان پیپلز پارٹی کے نظریاتی، سینئر اور بااثر رہنماؤں میں ہوتا تھا۔ انہوں نے ملتان سمیت جنوبی پنجاب میں پیپلز پارٹی کو مضبوط سیاسی بنیاد فراہم کرنے میں نمایاں کردار ادا کیا۔ اپنی طویل سیاسی جدوجہد کے دوران وہ وفاقی وزیر سمیت متعدد اہم حکومتی اور تنظیمی ذمہ داریاں بھی نبھاتے رہے۔
ان کے انتقال کی خبر سامنے آنے پر پاکستان پیپلز پارٹی کی مرکزی اور صوبائی قیادت سمیت مختلف سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ تعزیتی پیغامات میں مرحوم کی سیاسی خدمات، جمہوریت کے فروغ کے لیے ان کی جدوجہد اور پارٹی سے طویل وابستگی کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا گیا کہ ان کی وفات سے ملکی سیاست ایک تجربہ کار، نظریاتی اور مخلص رہنما سے محروم ہو گئی ہے۔
سیاسی، سماجی اور عوامی حلقوں نے بھی ملک مختار اعوان کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کی مغفرت، درجات کی بلندی اور اہلِ خانہ کے لیے صبرِ جمیل کی دعا کی ہے۔