پہلا ٹیسٹ: ویسٹ انڈیز نے پاکستان کو 90 رنز سے شکست دیدی

پہلا ٹیسٹ: ویسٹ انڈیز نے پاکستان کو 90 رنز سے شکست دیدی
کیپشن: پہلا ٹیسٹ: ویسٹ انڈیز نے پاکستان کو 90 رنز سے شکست دیدی

ویب ڈیسک: ویسٹ انڈیز نے برائن لارا کرکٹ اکیڈمی میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میچ میں پاکستان کو 90 رنز سے شکست دے کر سیریز کا فاتحانہ آغاز کر دیا۔

211 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی پوری ٹیم صرف 120 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ کپتان بابر اعظم 58 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے، تاہم دیگر بیٹرز خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکے۔ سلمان آغا کھاتہ کھولے بغیر پویلین لوٹ گئے، جبکہ اذان اویس، امام الحق اور شان مسعود تین، تین رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

علی عثمان 2 اور خرم شہزاد 4 رنز بنا سکے، جبکہ عامر جمال اور محمد علی بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے۔ پاکستان کے آٹھ بلے باز ڈبل فیگر میں بھی داخل نہ ہو سکے، جس کے باعث ٹیم ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی۔

اس سے قبل ویسٹ انڈیز نے چوتھے روز اپنی دوسری اننگز 7 وکٹوں پر 126 رنز سے دوبارہ شروع کی اور پوری ٹیم 181 رنز پر آؤٹ ہو گئی، یوں میزبان ٹیم کو مجموعی طور پر 210 رنز کی برتری حاصل ہوئی اور پاکستان کو فتح کے لیے 211 رنز کا ہدف ملا۔

پاکستان کی جانب سے دوسری اننگز میں محمد عباس نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جبکہ خرم شہزاد اور محمد علی نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔

میچ کی پہلی اننگز میں ویسٹ انڈیز نے 311 رنز بنائے تھے، جس کے جواب میں پاکستان کی ٹیم 282 رنز پر آؤٹ ہوئی تھی۔

Watch Live Public News