لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں موسلادھار بارش، نشیبی علاقے زیرِ آب

لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں موسلادھار بارش، نشیبی علاقے زیرِ آب
کیپشن: لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں موسلادھار بارش، نشیبی علاقے زیرِ آب

ویب ڈیسک:  لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں رات سے جاری موسلادھار بارش کے باعث نشیبی علاقے زیرِ آب آ گئے، متعدد شاہراہوں پر پانی جمع ہونے سے ٹریفک کا نظام متاثر ہوا، جبکہ شہریوں کو آمدورفت میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق مون سون کا نیا اسپیل جاری ہے اور 5 جولائی تک صوبے کے مختلف علاقوں میں کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش کا امکان ہے۔ بارش سے گرمی کی شدت میں نمایاں کمی آئی اور موسم خوشگوار ہو گیا۔

پی ڈی ایم اے نے بارشوں اور ممکنہ سیلاب کے پیش نظر الرٹ جاری کرتے ہوئے متعلقہ اداروں کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے۔ لاہور میں واسا نے نکاسی آب کے لیے عملہ فیلڈ میں تعینات کر دیا ہے۔

لاہور میں مغل پورہ میں سب سے زیادہ 44 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، جبکہ تاجپورہ میں 38.6 اور جوہر ٹاؤن میں 26.8 ملی میٹر بارش ہوئی۔

دوسری جانب گجرانوالہ میں طوفانی بارش کے باعث سڑکیں، انڈر پاسز اور نشیبی علاقے زیرِ آب آ گئے، جس سے کئی مقامات پر ٹریفک معطل ہو گئی۔ ضلعی انتظامیہ کے مطابق شہر میں اوسطاً 140 ملی میٹر جبکہ پیپلز کالونی میں سب سے زیادہ 171 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

سیالکوٹ میں بھی دو گھنٹے کی شدید بارش کے بعد متعدد علاقوں میں کئی کئی فٹ پانی جمع ہو گیا، جبکہ بعض مقامات پر پانی گھروں اور دکانوں میں داخل ہونے کی اطلاعات ہیں۔

پی ڈی ایم اے نے لاہور، راولپنڈی، گجرانوالہ، گجرات، سیالکوٹ، فیصل آباد اور ملتان میں اربن فلڈنگ جبکہ مری، گلیات اور دیگر پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کے خطرے سے خبردار کیا ہے۔

لاہور ٹریفک پولیس نے شہریوں کو بارش کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز، محتاط ڈرائیونگ، مناسب فاصلہ برقرار رکھنے اور موٹر سائیکل سواروں کو ہیلمٹ استعمال کرنے کی ہدایت کی ہے۔

Watch Live Public News