(ویب ڈیسک) آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز کے مختلف آپریشنز میں 24 گھنٹوں میں 32 دہشتگرد ہلاک کردیے گئے ہیں ۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر ) کے مطابق ضلع خیبر میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن میں 24 فتنہ الخوارج دہشتگرد مارے گئے، نوشکی میں کارروائی کے دوران 8 فتنہ الہندوستان دہشتگرد ہلاک ہوئے۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ کارروائیوں میں دہشتگردوں کے متعدد ٹھکانے مؤثر انداز میں نشانہ بنائے گئے،دہشتگردوں سے اسلحہ، گولہ بارود اور دیسی ساختہ دھماکہ خیز مواد برآمد کرلیا گیا جبکہ برآمد اسلحہ اور دھماکہ خیز مواد موقع پر ہی تباہ کر دیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق علاقوں میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے، مزید دہشتگردوں کی تلاش کا عمل تیز کردیا گیا ہے۔آپریشنز نیشنل ایکشن پلان کے تحت "عزمِ استحکام" کے وژن کے مطابق جاری ہے۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ ملک سے بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی۔