(ویب ڈیسک ) ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ پاک کویت دفاعی تعاون معاہدے کی توثیق دونوں برادر ممالک کے دفاعی تعلقات میں اہم سنگِ میل ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ پاکستان اور کویت کے دفاعی تعلقات کی بنیاد 1980 کی دہائی سے قائم مضبوط شراکت داری پر ہے، معاہدہ دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون اور سکیورٹی شراکت داری کو مزید مضبوط بنائے گا۔
ترجمان کے مطابق دفاعی تعاون معاہدہ فوجی تربیت، عسکری تعلیم، مشترکہ مشقوں اور مہارتوں کے تبادلے کے لیے جامع ادارہ جاتی فریم ورک فراہم کرتا ہے، معاہدے سے پاکستان اور کویت کی مسلح افواج کے درمیان ادارہ جاتی روابط مزید مستحکم ہوں گے۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ پاکستان اور کویت معاہدے پر اس کی شقوں کے مطابق مکمل عملدرآمد کے لیے قریبی تعاون جاری رکھیں گے،دونوں ممالک باہمی اعتماد، مشترکہ مفادات اور ادارہ جاتی تعاون کی بنیاد پر دفاعی شراکت داری مزید وسعت دیں گے۔
ترجمان کے مطابق پاکستان۔ کویت دفاعی تعاون علاقائی امن، سلامتی اور استحکام کے فروغ میں بھی معاون ثابت ہوگا، پاکستان اور کویت کے درمیان دفاعی تعاون کا معاہدہ جون 2023 میں دستخط کیا گیا تھا۔