ویب ڈیسک: چونیاں کے قریب چھانگا مانگا جنگل میں لکڑی چوروں نے ٹرام کی پٹری کو بھی نہ بخشا۔ چور رات کی تاریکی میں ٹرام کی پٹری کاٹ کر لے جا رہے تھے کہ ڈیوٹی پر موجود ملازم نے انھیں پکڑنے کی کوشش کی، اس دوران چوروں نے ملازم کو تشدد کا نشانہ بنایا اور فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہو گئے۔
تفصیلا ت کے مطابق علاقہ بھر میں چور بے لگام ہو گئے،نیشنل پارک چھانگا مانگا میں تاریخی ٹرام کی پٹڑی کو بھی نہ بخشا، جنگل ملازم کے مطابق دوران گشت موٹرسائیکل سوار ملزمان کو مشکوک حرکات پر روکا اور چیک کیا تو انہوں نے ٹرام کی پٹڑی کاٹ کر کپڑے میں چھپائی ہوئی تھی۔
جنگل ملازم کے مطابق پکڑنے پر انہوں نے تشدد کر کے زخمی کیا اور رسیوں سے باندھ کر فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہو گئے، ایک ملزم کی شناخت ہونے پر پولیس تھانہ چھانگامانگا نے اس گرفتار کر لیا جبکہ دیگر کی تلاش جاری ہے ۔لیکن آخری اطلاع آنے تک مقدمہ درج نہیں کیا گیا تھا۔
پولیس کے مطابق یہ وہ ہی جرائم پیشہ افراد ہیں جن کو 2019 میں لکڑی چوری اور دیگر چوری ڈکیتی کی سنگین وارداتوں میں ملوث ہونے کی وجہ سے بلاک نمبر چار سے بڑا آپریشن کرکے نکال دیا گیا تھا۔
محکمہ جنگلات کے ملازمین کا کہنا ہے ان جرائم پیشہ افراد کی جانب سے سنگین نتائج کی دھمکیاں دی جارہی ہیں لہٰذا ہمیں تحفظ فراہم کیا جائے۔