(ویب ڈیسک) وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ پی آئی اے کی نجکاری کے اس مرحلے کی کامیاب تکمیل ان کی حکومت اور پوری پاکستانی قوم کے لیے باعثِ اطمینان ہے۔
تفصیلات کے مطابق پہلی مالیاتی تکمیل کے بعد پی آئی اے سی ایل کا انتظامی کنٹرول منتقل ہوگیا۔
وزیراعظم د شہباز شریف نے پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز کارپوریشن لمیٹڈ (PIACL) کی نجکاری کے عمل میں پہلی مالیاتی تکمیل (First Financial Closing) پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اسے پاکستان کی نجکاری کی تاریخ کا ایک تاریخی سنگِ میل قرار دیا اور پوری قوم کو مبارکباد پیش کی۔
نجکاری کمیشن پاکستان نے آج پی آئی اے کی نجکاری کے عمل میں پہلی مالیاتی تکمیل کامیابی سے مکمل کرتے ہوئے شیئر پرچیز اینڈ سبسکرپشن ایگریمنٹ (SPSA) کے تحت تمام پیشگی شرائط پوری ہونے کے بعد ایئرلائن کا انتظامی کنٹرول عارف حبیب کارپوریشن لمیٹڈ کی قیادت میں سرمایہ کار کنسورشیم کے حوالے کر دیا۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ پی آئی اے کی نجکاری کے اس مرحلے کی کامیاب تکمیل ان کی حکومت اور پوری پاکستانی قوم کے لیے باعثِ اطمینان ہے۔ اس سے یہ ثابت ہوا ہے کہ پیچیدہ اور اسٹریٹجک نوعیت کے قومی معاملات بھی شفاف، مسابقتی اور بروقت انداز میں ٹیم ورک اور "پورے حکومتی نظام کے مشترکہ طرزِ عمل (Whole of the Government Approach)" کے ذریعے کامیابی سے مکمل کیے جا سکتے ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ اس پیش رفت سے نہ صرف پی آئی اے کے لیے ایک نئے دور کا آغاز ہو رہا ہے بلکہ یہ حکومت کے وسیع تر معاشی اصلاحاتی ایجنڈے میں بھی ایک اہم سنگِ میل ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج کی کامیابی ملکی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لیے ایک واضح پیغام ہے کہ پاکستان سرمایہ کاری کے لیے تیار ہے، اصلاحات پر کاربند ہے اور معاشی ترقی کی جانب گامزن ہے۔
انہوں نے کہا کہ پہلی مالیاتی تکمیل کے ساتھ ہی ہم پی آئی اے کو اس کا ماضی کا وقار بحال کرنے کے مزید قریب آ گئے ہیں۔ حکومت ملازمین، مسافروں اور صارفین کے مفادات کے تحفظتحفظکے لئے پرعزم ہیں۔ جب کہ انتظامی منتقلی اور فضائی آپریشنز کے بلا تعطل تسلسل کو جاری رکھنے کو یقینی بنایا جائے گا۔ تمام متعلقہ ہوابازی قوانین اور ریگولیٹری نگرانی بدستور نافذ العمل رہیں گے۔
وزیراعظم نے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار کے کردار اور انتھک محنت کو سراہا۔انہوں نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور ان کی پوری ٹیم کو اس کامیاب ٹیم ورک پر خراجِ تحسین پیش کیا۔
وزیراعظم نے وزیر دفاع خواجہ محمد آصف، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، نجکاری امور کے مشیر محمد علی، کابینہ کمیٹی برائے نجکاری اور نجکاری کمیشن کے اراکین کی خدمات کو بھی سراہا، جن کی کاوشوں سے یہ اہم قومی معاملہ کامیابی سے پایۂ تکمیل تک پہنچا۔