(ویب ڈیسک) سلطنت عمان اور ایران نے آبنائے ہرمز سے متعلق معاملات میں باہمی رابطوں اور تعاون کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا ہے۔
عمانی وزارت خارجہ کے مطابق آبنائے ہرمز سے متعلق عمان اور ایران کی مشترکہ کمیٹی کا پہلا اجلاس آج مسقط میں منعقد ہوا، جس میں آبنائے ہرمز کے مستقبل کے انتظام، بحری امور اور دیگر متعلقہ معاملات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اجلاس میں عمانی وفد کی قیادت وزارت خارجہ کے نمائندے شیخ عبدالعزیز بن عبداللہ الہنائی نے کی، جبکہ ایرانی وفد کی سربراہی نائب وزیر خارجہ برائے قانونی و بین الاقوامی امور کاظم غریب آبادی نے کی۔
بیان کے مطابق دونوں ممالک نے آبنائے ہرمز سے متعلق امور میں رابطوں اور تعاون کو وسعت دینے، مشترکہ مفادات اور قومی خودمختاری کے تحفظ کے عزم کا اعادہ کیا۔
فریقین نے بین الاقوامی قانون کی پاسداری پر بھی زور دیا اور آبنائے ہرمز میں جہاز رانی اور بحری خدمات کے شعبوں میں تعاون کے لیے ایک مؤثر فریم ورک پر غور کیا۔
عمانی وزارت خارجہ کے مطابق اجلاس میں دوطرفہ اور بین الاقوامی مفاہمت کو مزید مستحکم بنانے کی ضرورت پر زور دیا گیا، جبکہ آبنائے ہرمز کے ساحلی ممالک کی حیثیت سے قریبی تعاون جاری رکھنے کے عزم کا بھی اظہار کیا گیا۔