ویب ڈیسک: نیپال کے سابق وزیرِ اعظم کے پی شرما اولی کو گزشتہ روز گرفتار کر لیا گیا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ان پر گزشتہ ستمبر میں جین زیڈ کی قیادت میں ہونے والے کرپشن مخالف مظاہروں کے دوران درجنوں ہلاکتوں کو روکنے میں ناکامی کا الزام ہے، اور پولیس اس حوالے سے تحقیقات کر رہی ہے۔
کے پی شرما اولی کے وکیل نے گرفتاری کو غیر قانونی قرار دیا ہے۔ ساتھ ہی ان کے سابق وزیرِ داخلہ رمیش لیکھک کو بھی گرفتار کر لیا گیا ہے۔
سابق وزیرِ اعظم کے حامیوں نے گرفتاری کے خلاف احتجاج کیا، جس کے دوران پولیس کے ساتھ جھڑپیں بھی ہوئیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ ستمبر میں مظاہروں اور پولیس کریک ڈاؤن کے دوران 76 افراد ہلاک ہوئے تھے، جس کے بعد کے پی شرما اولی نے وزارت عظمیٰ سے استعفیٰ دے دیا تھا۔
نیپال میں گزشتہ روز ریپر سے سیاست دان بننے والے بالِندرا شاہ نے وزیرِ اعظم کے عہدے کا حلف بھی اٹھایا۔