ویب ڈیسک: نیپال میں تباہ کن سیلاب اور ملبے کے باعث ہلاکتوں کی تعداد 669 ہوگئی، جبکہ 2 ہزار سے زائد افراد تاحال لاپتا ہیں۔ لاپتا افراد میں 500 سے زائد غیرملکی بھی شامل ہیں۔
ریسکیو اہلکاروں کا لاپتا افراد کی تلاش اور امدادی کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے۔ طویل آپریشن کے بعد ملبے سے 97 سالہ خاتون کو زندہ نکال لیا گیا، جبکہ سیلاب سے بچنے کے لیے درخت پر چڑھ جانے والا 8 سالہ بچہ 3 روز بعد اپنی والدہ سے مل گیا۔ زخمی بچے کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے محفوظ مقام پر منتقل کیا گیا۔
حکام کے مطابق ہمالیائی سرحدی علاقے میں گلیشیئر کا ایک حصہ گرنے کے بعد کیچڑ اور ملبے کا بڑا ریلا دریاؤں میں شامل ہوگیا، جس کے نتیجے میں شدید سیلاب آیا۔ سیلابی ریلے میں بہنے والی متعدد لاشیں متاثرہ علاقے سے تقریباً 100 کلومیٹر دور میدانی علاقوں سے بھی برآمد ہوئی ہیں۔
سیلاب سے سڑکوں، پلوں اور دیگر بنیادی ڈھانچے کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے۔ نیپالی وزیر خارجہ کے مطابق سرنگوں میں پھنسے افراد کو نکالنے، لاشوں کی شناخت اور نقل و حمل کے لیے بیرونی تکنیکی اور دیگر امداد کی ضرورت ہے۔
دوسری جانب گلیشیئر کا بڑا حصہ ٹوٹ کر جھیل میں گرنے کی ویڈیو بھی سامنے آگئی ہے۔ گلیشیئر کے گرنے سے برفانی پانی، چٹانوں، درختوں اور مٹی کا شدید ریلا پیدا ہوا، جس نے طوفانی سیلاب کی شکل اختیار کرلی۔