ویب ڈیسک: شمالی کوریا نے امریکی سرزمین تک مار کرنے کی صلاحیت رکھنے والے جدید میزائل کے لیے نئے طاقتور راکٹ انجن کا کامیاب تجربہ کر لیا ہے۔ اس موقع پر ملک کے سربراہ کم جونگ اُن نے خود تجربے کا مشاہدہ کیا۔
سرکاری میڈیا کے مطابق یہ زمینی تجربہ شمالی کوریا کے اسلحہ پروگرام میں ایک اہم پیش رفت ہے، اور اس ٹیکنالوجی کو بین البراعظمی بیلسٹک میزائل (ICBM) کی تیاری میں استعمال کیا جا سکتا ہے۔
ماہرین کے مطابق ٹھوس ایندھن سے چلنے والے انجن میزائل کو کم وقت میں لانچ کرنے کی صلاحیت دیتے ہیں، جس سے حملوں کی رفتار اور مؤثریت میں نمایاں اضافہ ہوتا ہے۔ نئے انجن نے تقریباً 2,500 کلو نیوٹن تک تھرسٹ پیدا کیا، جو اس سے قبل کے تجربات سے زیادہ ہے۔
رپورٹس کے مطابق شمالی کوریا ایک ایسے میزائل سسٹم پر بھی کام کر رہا ہے جو ایک ہی وقت میں متعدد اہداف کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہو۔
سرکاری بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ تجربہ ملک کے نئے پانچ سالہ دفاعی منصوبے کا حصہ ہے، جبکہ کم جونگ اُن کے مطابق شمالی کوریا کی دفاعی صلاحیتیں اسٹریٹجک سطح پر ایک اہم مرحلے میں داخل ہو چکی ہیں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اس پیش رفت سے عالمی سطح پر سیکیورٹی خدشات میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔