ویب ڈیسک: امریکا نے چند اہم امریکی کمپنیوں کو چین کو مصنوعات فروخت کرنے سے روک دیا ہے، جس سے دو بڑی معیشتوں کے درمیان تجارتی کشیدگی میں مزید اضافہ ہو گیا ہے۔
امریکی محکمہ تجارت کے ترجمان کے مطابق، حکومت نے مخصوص امریکی اداروں کو ہدایت جاری کی ہے کہ وہ چین کو بعض مصنوعات کی برآمدات معطل کر دیں۔
برطانوی جریدے فنانشل ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق، ٹرمپ انتظامیہ نے چین کو سیمی کنڈکٹر ڈیزائننگ میں استعمال ہونے والے جدید سافٹ ویئر کی فراہمی پر مؤثر پابندی لگا دی ہے، جو کہ ٹیکنالوجی کے شعبے میں ایک بڑی پیشرفت سمجھی جا رہی ہے۔
اسی دوران نیو یارک ٹائمز نے انکشاف کیا ہے کہ امریکا نے چین کو جیٹ انجن کی ٹیکنالوجی اور بعض حساس کیمیکلز کی برآمد پر بھی پابندی عائد کر دی ہے، جنہیں اسٹریٹجک اہمیت کا حامل قرار دیا گیا ہے۔
امریکی محکمہ تجارت کے ترجمان کا کہنا ہے کہ چین کو برآمد کی جانے والی ان مصنوعات کا باریک بینی سے جائزہ لیا جا رہا ہے، اور کئی کمپنیوں کے ایکسپورٹ لائسنسز میں نئی پابندیاں اور اضافی شرائط شامل کر دی گئی ہیں۔
یہ اقدام ایسے وقت پر سامنے آیا ہے جب واشنگٹن اور بیجنگ کے درمیان ٹیکنالوجی اور قومی سلامتی کے معاملات پر اختلافات شدت اختیار کر چکے ہیں۔