وفاقی بجٹ کی تاریخ میں ممکنہ تبدیلی، عید تعطیلات شیڈول پر اثرانداز

وفاقی بجٹ کی تاریخ میں ممکنہ تبدیلی، عید تعطیلات شیڈول پر اثرانداز
کیپشن: وفاقی بجٹ کی تاریخ میں ممکنہ تبدیلی، عید تعطیلات شیڈول پر اثرانداز

ویب ڈیسک: وفاقی حکومت کی جانب سے آئندہ مالی سال کے بجٹ پیش کرنےکی تاریخ ایک بار پھر تبدیلی کے امکان سے دوچار ہو گئی ہے، جس کی بنیادی وجہ عیدالاضحیٰ کی تعطیلات قرار دی جا رہی ہے۔

ذرائع کے مطابق 7 اور 8 جون کو عید کی سرکاری تعطیلات متوقع ہیں، جب کہ عید کے تیسرے روز 9 جون  کو حکومت کو معمول کا ورکنگ ڈے قرار دینا پڑ سکتا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ 9 جون کو ہی قومی اقتصادی کونسل (NEC) کا اجلاس اور اقتصادی سروے 2024-25 جاری کرنے کا شیڈول بنایا گیا ہے، تاہم دونوں اہم سرگرمیوں کا ایک ہی دن انجام پانا ممکن نظر نہیں آتا۔

ذرائع وزارت خزانہ کے مطابق این ای سی اجلاس میں چاروں صوبوں اور گلگت بلتستان کے وزرائے اعلیٰ، جب کہ آزاد کشمیر کے وزیراعظم بھی شرکت کریں گے۔ اس اجلاس میں ملک بھر کے ترقیاتی پروگرام کو حتمی شکل دی جاتی ہے اور یہ اجلاس دن بھر جاری رہتا ہے۔

عموماً قومی اقتصادی کونسل کے اجلاس اور بجٹ پیش کرنے کے درمیان دو دن کا وقفہ رکھا جاتا ہے تاکہ تکنیکی اور مشاورتی امور مکمل ہو سکیں۔

ان حالات کو دیکھتے ہوئے امکان ہے کہ حکومت وفاقی بجٹ کی پیشکش میں دو روز کی تاخیر کر سکتی ہے تاکہ قومی شیڈول کو مؤثر طریقے سے ترتیب دیا جا سکے۔

Watch Live Public News