اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومت ملکی معیشت کو مستحکم کرنے کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھا رہی ہے۔ وزیرِ اعظم شہباز شریف سے معروف بین الاقوامی انویسٹمنٹ بینکنگ اینڈ کیپیٹل مارکیٹس فرم جیفریز (Jefferies) کے وفد نے ملاقات کی، ملاقات میں وفاقی وزیرِ خزانہ اسحاق ڈار بھی شریک تھے۔ وزیرِ اعظم نے وفد کا خیر مقدم کیا اور انہیں پاکستان میں اپنا دفتر کھولنے کی بھی دعوت دی، وفد نے وزیرِ اعظم کی قیادت میں ملک کو در پیش معاشی چیلینجز کا مؤثر مقابلہ کرکے ملک کے معاشی استحکام کی سمت گامزن ہونے کو خوش آئند قرار دیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ اتحادی حکومت کے مشکل فیصلوں کی بدولت ملک ڈیفالٹ کے خطرے سے نکل چکا ہے، پاکستان کی معاشی صورتحال کے بارے میں غلط معلومات پھیلا کر بے بنیاد ہیجانی کیفیت پیدا کرنے کی مزموم کوشش کی جا رہی ہے۔ وزیرِ اعظم نے کہا کہ اتحادی حکومت نے سیاسی قیمت کی پرواہ کئے بغیر ملک کو گزشتہ چار سال کی نا اہلیوں کا خمیازہ بھگتنے سے بچا لیا، حکومت مہنگائی کو کم کرنے اور عام آدمی کے ریلیف کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات اٹھا رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت بیرونی تجارتی خسارہ کم کرنے کیلئے کوشاں ہے، پاکستان میں بیرونی سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے حکومت سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولت فراہم کر رہی ہے۔